Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گزشتہ 70 سالوں سے تباہ حال اداروں کا قبلہ درست کرنے کیلئے اقدامات اُٹھائے ہیں..وزیراعلیٰ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کو ماڈل صوبہ بنانے کیلئے موجود ہ صوبائی حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لانے کیلئے کوشاں ہے ۔ اُنہوں نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے بہت تھوڑے عرصے میں گزشتہ 70 سالوں سے تباہ حال اداروں کا قبلہ درست کرنے اور ماضی کی مفلوج الحال معیشت کو استحکام دینے کیلئے سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات اُٹھائے ہیں، صوبائی حکومت اس سلسلے میں متعدد اصلاحاتی اقدامات کر چکی ہے جبکہ صوبے کی مجموعی ترقی کیلئے مزید اقدامات کررہی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ باشعور عوام کے تعاون سے نہ صرف یہ صوبہ بلکہ پورا ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر جلد گامزن ہو گااور عوام جلد ریلیف محسوس کر یں گے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں صوبے کے مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے منتخب عوامی نمائندوں سے موجودہ ملکی و صوبائی صورتحال پر حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے ۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل ممکن بنا رہی ہے ، ہم نے پہلے کبھی اپنے منشور اور وژن پر سمجھوتہ کیا ہے اور نہ آئندہ کریں گے ۔ صوبائی حکومت نے اداروں سے کرپشن اور میرٹ کی پامالی کے خاتمے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں اور اداروں کو بااختیار بنایا ہے ۔ اُنہوںنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے کی مجموعی ترقی کیلئے طویل المدتی منصوبہ بندی کی ہے ۔ ہم پاکستان اور اس صوبے کو ہر لحاظ سے ترقیافتہ اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں ۔ سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر حقیقی معنوں میں عوامی خدمات کا نظام متعارف کرایا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اُن کی صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور اجتماعی ترقی کیلئے ہر لمحہ کوشاں ہیں ہم مخالفین کی بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈوں پر توجہ دینے کی بجائے اداروں میں مثبت اصلاحات لانے پر عمل پیرا ہیں، جس سے نہ صرف ادارے مضبوط ہو رہے ہیں بلکہ عام آدمی بھی مستفید ہو رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ یہ واحد صوبائی حکومت ہے جس نے بہتر طرز حکمرانی کی بنیاد رکھی ، اداروں سے سیاسی مداخلت کا حقیقی معنوں میں خاتمہ کیا ، اداروں کو ان کے حقیقی اختیارات کے مطابق فعال بنایا ، جبکہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی یقینی بنائی ۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ اس مجموعی عمل کو متعدد پالیسیوں اور قوانین سے دیر پا بنایا تاکہ آئندہ کوئی بھی عوامی خدمات کے اداروں کو مفلوج نہ کر سکے ۔ اُنہوںنے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر سے بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ، ہماری خواہش ہے کہ یہ صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر جلد گامزن ہو سکے ۔ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس صوبے کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف پر دوبارہ اعتماد کیا ہے اور ہم ان کے اعتماد کو مزید بڑھائیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
30249