Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

رواں مالی سال کے دوران ملک کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں 73 فیصد کمی ہوئی

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(آئی آئی پی)رواں مالی سال کے دوران ملک کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں 73 فیصد کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا نومبر 2019 کے دوران پاکستان کا حسابات جاریہ کا خسارہ 1.821 ارب ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر 2018 کے لئے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 6.733 ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں کے دوران حسابات جاریہ کے خسارہ میں 4.912 ارب ڈالر یعنی 73 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی کے باعث خسارہ کو کم کرنے میں مدد ملی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ برآمدات کے فروغ کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے مزید اقدامات کرے تاکہ خسارہ کو ختم کیا جاسکے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خسارہ پر قابو پانے کی مسلسل کوششیں کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ اکتوبر 2019 کے دوران خسارہ کو سرپلس میں بدلنے میں مدد ملی ہے۔ ایس بی پی کے مطابق اکتوبر 2019 کے لئے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 70 ملین ڈالر رہا تھا تاہم نومبر 2019 کے دوران حسابات جاریہ کا خسارہ 319 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا نومبر 2019 کے دوران گڈز سروسز اور انکم سیکٹر کا مجموعی خسارہ 29 فیصد کی کمی سے 12.147 ارب ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر 2018 کے لئے 17.199 ارب ڈالر خسارہ ریکارڈ کیا گیاتھا۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ حسابات جاریہ کے خسارہ میں کمی سے قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
.
اسلام آباد،رواں مالی سال کے دوران سونے کی درآمدات میں 5 فیصد کمی
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) رواں مالی سال کے دوران سونے کی درآمدات میں 5 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں جولائی تا نومبر 2019 کے دوران سونے کی ملکی درآمدات 7.4 ملین ڈالر تک کم ہوگئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر 2018 کے دوران درآمدات کا حجم 7.8 ملین ڈالر رہا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں کے دوران سونے کی قومی درآمدات میں 5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

.
پاکستان میں بجلی کے شعبے میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں 53.7 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ
اسلام آباد (چترال ٹائمزرپورٹ) پاکستان میں بجلی کے شعبے میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں 53.7 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔سرمایہ کاری بورڈ کے مطابق جولائی سے لیکر نومبر2019 تک بجلی کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 53.7 ملین ڈالررہا، گزشتہ مالی سال کے دوران اسے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 253.6 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2017-18، مالی سال 2016-17 اورمالی سال 2015-15 کے دوران بجلی کے شعبے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری حجم بالترتیب 1203 ملین ڈالر، 700 ملین ڈالر اور1159.2 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیاتھا۔پاکستان میں بجلی کا شعبہ ان شعبہ جات میں شامل ہیں جہاں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا رحجان زیادہ ہے۔
.
.
سی پیک منصوبہ کے فریم ورک کی تکمیل سے پاکستان میں سماجی واقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، سی پیک اتھارٹی حکام
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)منصوبہ کے فریم ورک کی تکمیل سے پاکستان میں سماجی واقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، جنوبی ایشیااور سینٹرل ایشیا کے مختلف ممالک کو بے پناہ فوائد حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ سی پیک اتھارٹی کے حکام کے مطابق کہ کثیر الارب ڈالر کی لاگت کے سی پیک منصوبہ کے سبب نہ صرف بین الاقوامی سطح پر اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ خصوصا اس سے جنوبی ایشیا اور سینٹرل ایشیا کے مختلف ممالک کو بے پناہ فوائد حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ چینی کمپنیوں کی پاکستانی صنعتوں میں سرمایہ کاری میں خصوصی دلچسپی کو نہایت خوش آئند قرار دیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
30165