Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

انسداد پولیوکی قومی مہم کا آغاز، پولیووائرس کا خاتمہ قومی زمہ داری ہے..چیف سیکریٹری

Posted on
شیئر کریں:

پانچ روزہ اس مہم کے دوران کل 67لاکھ 52ہزار 326 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے
پولیو وائرس کا خاتمہ ایک قومی زمہ داری ہے جس میں معاشرے کے تمام طبقوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا
صوبے سے پولیو وائرس کا خاتمہ ایک چیلنج ہے لیکن حکومت اس سلسلے میں پر عزم ہے،ڈاکٹر کاظم نیاز
پولیو مہم کے حوالے سے بے بنیاد افواہوں کے تدارک میں میڈیا اپنا موثر کردار ادا کریں، چیف سیکرٹری
.
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) انسداد پولیو کی قومی مہم کے تحت قبائلی اضلاع سمیت صوبہ خیبر پختونخوا کے 35 اضلاع میں پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز پیر 16دسمبر سے ہو رہا ہے۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے جمعہ کے روز پشاور میں ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلاکر اس مہم کا افتتاح کیا۔ پانچ روزہ اس مہم کے دوران صوبے میں پانچ سال سے کم عمر کے 67 لاکھ 52 ہزار 326 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لئے صوبہ بھر میں 22 ہزار 925 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
.
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد نے صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کو صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت قوم کے نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے اور انہیں محفوظ مستقبل دینے کے لیے پختہ عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کوایک بہت بڑا چیلینج اور ایک قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس چیلینج سے کامیابی سے نمٹنے کے لئے اساتذہ، علماء، میڈیا، عوامی نمائندوں سمیت معاشرے کے ہر طبقے کو حکومتی کوششوں کا ساتھ دینا چاہئے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ مستقبل دے سکیں۔
.
صوبے میں گزشتہ مہینوں میں پولیو کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد سے متعلق ایک سوال کے جواب میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ سال پولیو ویکسین کے بارے میں پھیلا ئی جانے والی بے بنیاد افواہوں نے اس قومی کاز کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے جس کے ازالے اور آنے والی پولیو مہمات کو زیادہ سے زیادہ نتیجہ خیز بنانے کے لئے صوبائی حکومت نے پورے پولیو مہم کی حکمت عملی تفصیلی جائزہ لیکر ایک نئے سرے سے حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے، انہوں نے خود فیلڈ وزٹ کر کے آن گراونڈ پولیو مہموں کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسداد پولیو کی اس مہم کے لئے پچھلے ایک مہینے سے تیاری کی گئی ہے،اور صوبے کے ہر ضلع کی معروضی حالات اور زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ چیف سیکرٹری نے امید ظاہر کی کہ اس دفعہ پولیو مہم کے سو فیصد اھداف حاصل کیے جا سکیں گی جس کے لئے تمام ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سمیت تمام متعلقہ عہدیداروں کو خصوص ٹاسک دیے گئے ہیں۔اس موقع پر تفصیلات بتاتے ہوئے پولیو ایمرجنسی آپریشن کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے کہا کہ اس مہم کے لیے مجموعی طور پر 22 ہزار 925 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔جن میں 19 ہزار 783 موبائل ٹیمیں،1848 فکسڈ ٹیمیں،1098 ٹرانزٹ ٹیمیں اور 196 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ مہم کی موثر نگرانی کے لیے 53 ہزار سے زائد ایریا انچارج تعینات کیے گئے ہیں۔اس موقع پر کمشنر پشاور اور ڈپٹی کمشنر پشاور بھی موجود تھے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
29793