Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی دو سال سے ایک ہی پوسٹ پرتعینات اہلکاروں‌کوفوری تبدیل کرنیکی ہدایت

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)‌ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں بورڈ آف ریونیو اینڈ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا نے صوبے کے تمام ڈویڑنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ کو ایک مراسلے کے زریعے بدعنوانی کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے اور اس سلسلے میں حکام بالا کی ہدایت پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
.
بورڈ آف ریونیو نے اپنے مراسلے میں ایک ہی پوسٹ پر دو سال سے تعینات ملازمین کو تبدیل کرنے،تحصیل داروں اور نائب تحصیل داروں کوڈویژن کے اندر کسی دوسری جگہ تبدیل و تعینات کرنے،پٹواریوں کو شہری علاقوں سے دور دراز دیہی علاقوں اور، تمام رجسٹریشن کلرکوں کو موجودہ جہگوں سے دوسری جہگوں میں تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔اسی طرح پٹواریوں کو تحصیل یا اسی ضلعے یا موجودہ حلقے سے دور ضلعے میں تبدیل کرنے کی تاکید کے ساتھ شہری علاقوں میں ایسے سٹاف کو تعینات کرنے کے لئے کہا ہے جس نے پچھلے 3 سالوں سے شہری علاقوں میں خدمات سرانجام نہیں دیں۔
.
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کی فہرست مرتب کی جائے تاکہ انہیں کوئی اہم ذمہ داری نہ سونپی جائے۔علاوہ ازیں۔ کرپشن کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت تمام تر انتقالات کو مجلس عام میں تصدیق کرنے کے عمل پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔نیزجائیداد کی منتقلی کی صورت میں پٹواری یا رجسٹری محرر شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے حکم نامہ کے ساتھ فریقین کے فون نمبر اور نام لکھے جس کی مزید تصدیق تحصیلدار اور ڈپٹی کمشنر کرے گا۔پٹواریوں کے صوابدیدی اختیارات کو ٹیکس ریٹس پٹواری آفس میں نوٹس بورڈ پر لگانے کے ذریعہ کم کیا جائے جبکہ عوامی آگاہی کے لیے ٹیکس ریٹ کو تحصیلدار،سب رجسٹرار اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مال کے دفتر میں لگایا جائے۔کرپشن سے نمٹنے کے لیے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ریونیو فیلڈ سٹاف کے کام کی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔حکومت نے صوبے میں تمام پٹواریوں کے پرائیویٹ کلرک،منشی رکھنے پر پابندی عائد کی ہے اورخلاف ورزی کرنے کی صورت میں متعلقہ پٹواری کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔مجاز حکام نے ضلع میں تعینات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں شکایات سیل قائم کرنیکی ہدایت کر رکھی ہے۔صوبائی سطح پر بورڈ آف ریونیو کے دفتر میں شکایات سیل قائم کیا گیا ہے جس کی ذمہ داری عوام کو محکمہ مال سے متعلق تمام شکایات کا ازالہ کرنا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
.
صوبائی حکومت کی ہدایت کی روشنی تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی عوام کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ قائم
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)عوا کے بہتر مفاد اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے صوبائی حکومت خیبر پختونخوا نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی تھی کہ وہ عوام کے ساتھ ٹیلی فونک روابط قائم رکھیں اور ان کو فراہم کردہ سروسز مثلا ڈومیسائل کی وصولی، فرد،اسلحہ لائسنس، برتھ سرٹیفیکیٹ و دیگر اہم دستاویزات سمیت لینڈ میوٹیشن و ڈیڈ رجسٹریشن کے حوالے سے جانئیے کہ آیا شہری ان سہولیات کی فراہمی سے مطمئن ہیں یا نہیں اس حوالے سے تمام اضلاع سے موصول شدہ رپورٹس کے مطابق ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے کل 391 شہریوں کے ساتھ رابطہ کیا ہے بٹگرام 345، ہنگو 291، سوات 260، پشاور 216، بنوں 190، صوابی 150، کرم 130، مردان 97، شانگلہ 95، نوشہرہ 73، بونیر 68، کرک 67، لکی مروت 65، مہمند 63، ملاکنڈ 62، باجوڑ 61، کوہاٹ 61، ہری پور 57، دیر لوئر 49، اورکزئی 47، کولئی پالس 44، مانسہرہ 44، کوہستان اپر 39، چارسدہ 38، کوہستان لوئر 25، ٹانک 23، چترال لوئر 21، جنوبی وزیرستان 14 اور دیر اپر نے 6 افراد سے رابطہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
29717