Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیگٹو نے ملک کی خاطر استعفیٰ دیکرپاکستان پہنچ گئی

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے کے لیے گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیگٹو تانیہ ایدروس نے جذبہ حب الوطنی کے تحت استعفیٰ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیکٹو تانیہ ایدروس مستعفی ہو کر سنگاپور سے پاکستان پہنچ گئی ہیں، تانیہ ایدروس پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل وڑن کی سربراہی کریں گی۔پاکستان پہنچنے کے بعد تانیہ ایدروس نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں 20 سال سے بیرون ملک مقیم تھی اور پاکستان کے لیے کچھ کرنا چاہتی تھی، جب یہ حکومت آئی تو لوگوں کو محسوس ہوا ملک جا کر کچھ کرنا چاہیے، وزیر اعظم عمران خان اور جہانگیر ترین سے اہم رابطے ہوئے، حکومت نے ڈیجیٹلائزیشن کے انقلابی منصوبے سے آگاہ کیا، منصوبے کے تحت 5 اہم مرحلوں پر کام تیز کیا جائے گا، عوام کی انٹرنیٹ تک رسائی اور روابط کو فروغ دیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی رسائی ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے، ملک میں ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر قائم کیا جائے گا تاکہ کام تیز اور بہتر ہو، ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر بنانا حکومت کا کام ہے، وزیر اعظم عمران خان کا وڑن ہے کہ ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کی طرف جائیں، پاکستان کی 70 ملین آبادی انٹرنیٹ استعمال کر رہی ہے، پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں انقلاب لایا جا سکتا ہے۔تانیہ ایدروس کا کہنا تھا ای گورنمنٹ سے حکومتی فیصلوں کو پیپرلیس بنایا جائے گا، عوام کو چھوٹی چیزوں کے لیے لائنوں میں کھڑا کر دیا جاتا ہے، فنگر پرنٹس کے باوجود لائنوں میں کھڑا رکھنے کا جواز نہیں، شہری کی شناخت کو ڈیجیٹل طریقے سے استعمال کیا جائے گا، ڈیجیٹل اسکلنگ سے نوجوانوں کو معیاری اسکلز ملیں گی، کاروبار کے لیے بینکنگ نظام، سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول دیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ صوبوں اور ایجنسیز کے ذریعے اس خواب کو حقیقت میں بدلیں گے، راتوں رات تبدیلی نہیں ہوگی مگر مستقبل میں زبردست نتائج سامنے آئیں گے، پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔خیال رہے کہ تانیہ ایدروس وزیر اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کی سربراہی کریں گی، یہ ڈیجیٹل وڑن پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے ہے، اس کے تحت پاکستان میں سرکاری اقدامات کو ڈیجیٹل کر دیا جائے گا۔
Tania Aidrus pak


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
29435