Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سیاچین گلیشئر متنازعہ علاقہ ہے، بھارت اسے سیاحت کیلئے نہیں کھول سکتا….ترجمان

Posted on
شیئر کریں:

، بانی ایم کیو ایم کی جانب سے سیاسی پناہ کیلئے بھارت سے درخواست سنجیدہ معاملہ ہے، اس سلسلے میں جامع ردعمل جلد جاری کر دیا جائیگا،ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل
.
اسلام آباد(آئی آئی پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کہا ہے کہ سیاچین گلیشئر متنازعہ علاقہ ہے، بھارت اسے سیاحت کیلئے نہیں کھول سکتا، بانی ایم کیو ایم کی جانب سے سیاسی پناہ کیلئے بھارت سے درخواست سنجیدہ معاملہ ہے، اس سلسلے میں جامع ردعمل جلد جاری کر دیا جائیگا۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ بھارت نے سیاچین کے علاقہ پر قبضہ کی کوششیں کی ہیں جبکہ متنازعہ علاقے کو سیاحت کیلئے نہیں کھولا جا سکتا تاہم ترجمان نے کہا کہ بھارت نے سیاچین سے متعلق فیصلے کے بارے میں پاکستان کو آگاہ نہیں کیا ہے۔ ترجمان نے نیپال میں لاپتہ پاک آرمی کے ریٹائرڈ آفیسر کرنل حبیب طاہر کی ٹارچر سیل میں قتل کے حوالے سے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے جعلی قرار دیا اور کہا کہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ میری نظر سے بھی گزرا ہے جو جعلی ہے، یقینا یہ دشمن ایجنسیوں کی پاکستان اور پاکستانی شہریوں کیخلاف سنسنی خیزی مہم کا حصہ ہے۔ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی بھارت میں سیاسی پناہ کی خواہش کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک معاملہ ہے اور اس سلسلے میں جلد جامع رد عمل جاری کیا جائیگا۔آزاد کشمیر میں ہندوں کے مقدس مقامات کھولنے پر غور سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان عوام کے مابین رابطے بڑھانے کیلئے تیار ہے تاہم بھارت کی جانب سے باہمی امور پر مذاکرات سے انکار بنیادی رکاوٹ ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت نے پانچ اگست کے فیصلے بعد دو طرفہ معاملات پر کام کو مشکل اور تقریبا ناممکن بنا دیا ہے جبکہ پاکستان نیک نیتی کے باوجود اس طرح کے منصوبوں کو یکطرفہ عملی جامہ نہیں پہنا سکتا۔ ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اس تاثر کو مسترد کیا کہ پاکستان گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کیلئے کوشاں ہے، تاہم ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ لوگوں کو بنیادی حقوق دینے پر زور دیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انسانی ترقی کو اس وجہ سے نہیں روکا جاسکتا کہ بھارت کشمیر کا معاملہ حل نہیں کرنا چاہتا۔ ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق استصواب رائے مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے۔ترجمان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ہمارے دلوں کے انتہائی قریب ہیں اور ہم انہیں بااختیار بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھیں گے۔ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خوراک، ادویات کی قلت کے باعث انسانی بحران بد تر ہوتا جارہا ہے۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ وادی میں سنگین صورتحال کا نوٹس لیں۔ ترجمان نے کہا کہ نیدر لینڈ کی ملکہ میکسیما انکلوژو فنانسو ترقی سے متعلق یو این سیکرٹری جنرل کی سپیشل ایڈوو کیٹ کی حیثیت سے 25سے 27نومبر تک پاکستان کا دورہ کریں گی۔


شیئر کریں: