Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں گندم کے ذخائر میں اضافے کیلئے تین لاکھ ٹن گندم خریدنے کی منظوری دیدی گئی

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )‌صوبائی خوراک کمیٹی خیبر پختونخوا نے صوبے میں گندم کے ذخائر میں مزید اضافہ کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے پاسکو سے تین لاکھ ٹن گندم خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر خوراک قلندرخان لودھی کی زیر صدارت جمعرات کے روز ان کے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ جس میں سیکرٹری خوراک نثار احمد، ڈائریکٹر خوراک میاں عبدالقادر شاہ کے علاوہ محکمہ ہاے قانون اور خزانہ کے متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں پاسکو سے تین لاکھ ٹن گندم کی خریداری اور گندم کی پاسکو کے گوداموں سے محکمہ خوراک خیبر پختونخوا کے گوداموں تک ترسیل کے معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیر خوراک قلندرخان لودھی نے محکمہ خوراک کے حکام کو اشیائے خوردنوش کی کم قیمت پر دستیابی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اشیائے خوردنوش کم قیمت پر فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور وہ اس ذمہ داری کو نبھانے میں کوئی کوتاہی نہیں کرے گی۔ دریں اثنا صوبائی وزیر نے محکمہ کے افسران کو گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔
واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے فلور ملوں کو روزانہ کی بنیاد پر دیا جانے والا کوٹہ دو ہزار میٹرک ٹن سے بڑھا کر تین ہزار میٹرک ٹن کر دیا ہے جس سے صوبے میں آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے جبکہ حکومت آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے بھی بھر پور اقدامات کر رہی ہے.


شیئر کریں: