Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کراچی ؛ آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کے ہائی اچیورزکو ایوارڈزسے نوازاگیا

شیئر کریں:

آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ (اے کے یو-ای بی) : اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کے اعزاز میں تقریب کا انقعاد۔
گلگت بلتستان اور چترال سمیت پاکستان بھر سے طلبا نے شرکت کی۔ پوزیشن ہولڈرطلبا میں‌چترال اورگلگت کے اسٹوڈنٹس بھی شامل.
.AKU EB Higher achievers 2019
کراچی (چترال ٹائمزرپورٹ) قومی سطح پر اے کے یو-ای بی کے طلبا کی کامیابیوں کوسرا ہنے کے لیے سالانہ ہائی اچیورز ایوارڈز 2019 کی تقریب کراچی میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں اے کے یو-ای بی کے تحت سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ(ایس ایس سی)اور ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ(ایچ ایس ایس سی)امتحانات میں ا علیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا نے شرکت کی۔ پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے 142 طلبہ و طالبات میں اعزازات تقسیم کیے جن میں سے 65 فیصد طالبات اور 35 فیصد طلبہ شامل تھے۔ طلبا کا تعلق کراچی، حیدرآباد، خیرپور، نوشہروفیروز، ابارو، ڈہرکی، ٹنڈو اللہ یار، جیکب آباد، چناب نگر، غذر، گلگت، ہنزہ اور چترال سے ہے۔
.
اس سال ایس ایس سی امتحانات میں کامیابی کی مجموعی شرح 95.5 فیصد رہی جن میں 45.8 فیصد طلبا نے ‘اے’ گریڈ یا اس سے زیادہ حاصل کیا۔ اسی طرح ایچ ایس ایس سی امتحانات میں کامیابی کی مجموعی شرح 96.9 فیصد رہی جن میں 51.4 فیصد طلبا نے ‘اے’ گریڈ یا اس سے زیادہ حاصل کیا۔آغا خان یونیورسٹی کے صدر فیروز رسول نے اس موقعے پر طلبا کو سراہتے ہوئے کہا، ”اے کے یو-ای بی کا مشن اعلی ترین معیار کی جانچ اور امتحانی سہولت کی فراہمی ہے تاکہ ہمارے نوجوان معاشرے کو درپیش مسائل کا حل تلاش کر سکیں اور کارآمد شہری بن سکیں۔”
.
ایس ایس سی میں پی ای سی ایچ ایس گرلز اسکول، کراچی کی دعا فاطمہ اول نے مجموعی طور پر اول پوزیشن حاصل کی۔ دوسری پوزیشن بائی ویربیجی سوپاری والا پارسی ہائی اسکول، کراچی کے مصعب نیازی جبکہ آغا خان اسکول، کھارادر، کراچی کی مصباح شیخ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ایچ ایس ایس سی میں مجموعی طور پر آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، کریم آباد کی فضہ رباب نے اول پوزیشن حاصل کی۔ حبیب گرلز اسکول کی سیدہ حوریہ عباس نے دوسری جبکہ آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، چترال کے حنیف علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
.
این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ”اے کے یو-ای بی کا نظام طلبا کی تعلیمی نشوونما کا ایک ایسا جامع طریقہ کار فراہم کرتا ہے جس میں تمام متعلقہ افراد اور گروہوں کی شمولیت ہو۔ اے کے یو-ای بی سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا مختلف میدانوں میں ترقی کرتے ہیں اور مختلف قومی اور بین الاقوامی جامعات میں داخلے کے اہل قرار پاتے ہیں۔” اس تقریب میں اے کے یو-ای بی برج اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا۔ برج اسکالرشپ حاصل کرنے والے 60 فیصد طلبا نے اے کے یو-ای بی سے ایچ ایس ایس سی امتحان پاس کیا اور اب مختلف قومی یورنیوسٹیز میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
.
اے کے یو-ای بی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد جیوا نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور کہا، ”ہمیں بے حد مسرت ہے کہ نئے اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے اس سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ ایک خوش آئند تبدیلی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے دیہی اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبا نے بھی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ہمیں فخر ہے کہ ہم جانچ اور امتحانات کے معیاری نظام کو یقینی بناتے ہیں جس کی وجہ سے تمام طلبا کو یکساں مواقع میسر آتے ہیں۔” تقریب میں بورڈ ممبرز اور لیڈرشپ کے علاوہ آغا خان یونیورسٹی اور اے کے یو-ای بی کے اعلی عہدیداران، متعدد اسکولوں کے صدرو، طلبہ و طالبات اور شعبہ تعلیم سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged ,
28574