Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بمبوریت مسجدکیلئے خطیررقم کے اعلان پرایم پی اے وزیردادہ کے مشکورہیں..مسلم عمائدین

Posted on
شیئر کریں:

چترال ( محکم الدین ) بمبوریت کی مسلم کمیونٹی نے گذشتہ روز کراکاڑ میں آگ لگنے سے شہید ہونے والی مسجد کیلئے اقلیتی رکن اسمبلی خیبر پختونخوا و چیرمین ڈیڈک چترال وزیر زادہ کی طرف سے پانچ لاکھ روپے کے اعلان پر اُن کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اور اُ ن کے اس اقدام کو سراہا ہے ۔ اپنے اخباری بیانات میں علاقے کے سیاسی اور سماجی شخصیات نے کہا ۔ کہ حادثاتی طور پر مسجد میں لگی آگ کو بجھانے میں مسلم کمیونٹی کے شانہ بشانہ کالاش کمیونٹی کے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ جو کہ دونوں مذاہب کے پیروکاروں کی باہمی مذہبی ہم آہنگی کی کھلی مثال ہے ۔ اور اب اقلیتی رکن اسمبلی وزیر زادہ کی طرف سے امداد کا اعلان اس بھائی چارے کو مزید مضبوط بنانے کے سلسلے میں قابل تعریف اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ صدیوں سے کالاش اور مسلم برادری ان وادیوں میں رہ رہے ہیں ۔ اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں ۔ اور یہی بات ان وادیوں کو دوسرے شہروں اور ملکوں سے ممتاز بناتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال میں اقلیتوں کو وہ تحفظ حاصل ہے ۔ جس کا دوسرے مقامات میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ۔ اور یہ چترال کے مہذب اور پر امن ماحول کی دین ہے ۔ انہوں نے اس جذبے کا اظہار کیا ۔ کہ مسلم اور کالاش کمیونٹی کی باہمی اخوت اور ہم آہنگی ہمیشہ برقرار رہے گی ۔ کیونکہ اسی سے اس علاقے کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا راز وابستہ ہے ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
28280