Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

یونیورسٹی آف پونچھ میں گلگت بلتستان کے طلبہ کیلئے مختص نشستیں بڑھادی گئیں

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(آئی آئی پی) گلگت بلتستان کی حکومت کے مطالبہ پرا زاد کشمیر کی پانچ سرکاری جامعات میں گلگت بلتستان کے طلبہ کے لئے مختص نشستوں میں اضافہ کا فیصلہ کر لیا گیا۔ آزادجموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان کی صدارت میں یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ کی سینٹ کے بارہویں اجلاس کی منظوری کے بعد جاری ہونے والے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق جامعہ پونچھ میں گلگت بلتستان کے طلبہ کے لئے مختص 38نشستوں کو بڑھا کر 73کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر چار جامعات میں بھی اسی طرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ بڑھائی جانے والی نشستوں میں بیچلر پروگراموں کے لئے 18نشستوں اور ماسٹر پروگراموں کے لئے 13مزید نشستوں کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ آزاد ریاست کی حکومت نے گلگت بلتستان کے طلبہ کو آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں میں مقامی طلبہ کے مساوی دیگر سہولتیں دینے اور ان کی بہبود کے لئے کئی دیگر اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس سال اگست میں گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون اور وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمان نے آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے ملاقات کر کے ان سے آزادکشمیر کے اعلی تعلیمی اداروں میں جی بی کے طلبہ کے لئے مختص نشستوں میں اضافہ کا مطالبہ کیا تھا جس کے تسلسل میں یونیورسٹی پونچھ نے جی بی کے طلبہ کے لئے مختص نشستوں میں سو فیصد اضافہ کیا ہے۔ آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے طلبہ ہمارے جسم و جان کا حصہ ہیں جنہیں ہم اپنے سے جدا نہیں سمجھتے ہیں۔ آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں میں جی بی طلبہ کے لئے مختص نشستوں میں اضافہ ہماری طرف سے ایک معمولی تحفہ ہے اور ان شا اللہ ہم اپنے بھائیوں کے لئے مزید اقدامات کریں گے۔ دریں اثنا یونیورسٹی آف پونچھ کے سینٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے ریاست میں معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے اور جامعات میں تحقیق اور ریسرچ کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ریاست کو معاشی ترقی کی راہ پر ڈالنے اور تعلیمی ترقی کے لئے اپنی توانائیوں کو مجتمع کرنا ہو گا۔ انہوں نے یونیورسٹی آف پونچھ میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور جامعہ میں اہم قومی اور تعلیمی اہمیت کے حامل موضوعات سیمینارز، بین الاقوامی کانفرنسز منعقد کرنے اور یونیورسٹی کامیاب کانوووکیشن منعقد کرنے پر جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ صدر آزادکشمیر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں جامعہ مزید ترقی کی منزلیں طے کرے گی۔ سینٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ پونچھ کے وائس چانسلر نے بتایا کہ یونیورسٹی کے منگ کیمپس کے لئے پچاس کنال اراضی حاصل کر لی گئی ہے جہاں انگریزی زبان کا شعبہ پہلے ہی قائم کیا جا چکا ہے جبکہ یونیورسٹی کے راولاکوٹ کیمپس میں ایجوکیشن، ہوٹل مینجمنٹ اور مہمان نوازی جیسے نئے شعبہ جات جلد شروع کئے جائیں گے۔ جامعہ کے عباسپور، چھوٹا گلہ اور کہوٹہ کیمپسز کے مسائل اور مشکلات کو دور کر کے ان کیمپسز کو جلد از جلد قائم کرنے پر توجہ مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ عباسپور کیمپس میں داخلہ کے خواہشمند طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے اس سال داخلے کے لئے درخواستیں جمع کروائی ہیں جن میں گزشتہ سال کی نسبت کئی گنا اضافہ ہو ا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نے تعیناتیوں، تقرریوں اور ترقیابیوں کے لئے ایک صاف وشفاف نظام متعارف کرایا ہے جس سے فیکلٹی ممبران میں یونیورسٹی کے نظام پر اعتماد بڑھا ہے۔


شیئر کریں: