Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے سے پولیو وائرس کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے..چیف سکریٹری

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ‌) خیبر پختونخواکے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کو موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے سے اس مہلک بیماری کا خاتمہ اگرچہ مشکل کام ہے لیکن ناممکن ہرگز نہیں، اپنی آئندہ نسلوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانا ہمارا قومی فریضہ ہے جس کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز انسداد پولیو کے صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کی چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں پولیو کے اعلیٰ حکام ڈویژنل کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز، وفاقی اور صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹرزکے متعلقہ حکام اور عالمی ادارہ صحت اور دیگر شراکت دار عالمی اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔پروینشل ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کے اعلیٰ حکام نے فورم کو صوبے میں انسداد پولیو مہم کے مختلف پہلوؤں اور اور صوبے سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں انسداد پولیو مہم کو مزید موثر انداز میں چلانے اور درپیش مشکلات کو دور کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور و خوص کیا گیا جن میں دیگر تجاویز کے علاوہ دور افتادہ علاقوں میں ای پی آئی مراکز میں اضافہ،ڈاکٹروں اورای پی آئی ٹیکنیشنز کی کمی کو دور کرنا،پولیو ورکرز کے لیے مالی مراعات میں اضافہ،سیاسی و مذہبی رہنماوں کی خدمات کا حصول،پولیو کے قطروں کو صحت کی دوسری سہولیات اور سماجی خدمات سے مشروط کرنا ڈویژنل انتظامیہ ضلع انتظامیہ صوبائی حکومت اور بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے درمیان شراکت کار کو مزید مضبوط بنانا۔پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کو فول پروف بنانا اور پولیو کیسوں سے متعلق سو فیصد درست اعدادوشمار کو یقینی بنانا وغیرہ شامل ہیں۔

اجلاس کے شرکاء سے اپنے خطاب میں چیف سیکریٹری نے صوبے میں انسداد پولیو مؤثر اور نتیجہ خیز انداز میں چلانے کے لیے ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ،محکمہ صحت،دیگر متعلقہ محکموں اور شراکت دار بین الاقوامی اداروں میں شراکت کار کو مربوط بنانے اور اسے ایک دوسرے سے ہم آہنگ بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے شرکاء کو اس سلسلے میں فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔انسداد پولیو کی مہم کو کامیاب بنانے میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے کردار کو سب سے اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں لیڈنگ رول ادا کریں اور خصوصا پولیو سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹ کی تیاری پر خصوصی توجہ دیں جس کی بنیاد پر پولیو مہم کو کامیاب بنایا جاسکے۔
.
چیف سیکرٹری نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ ڈویژنل ٹاسک فورس اور ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا کریں۔اپنے متعلقہ ڈویژن اور اضلاع میں ہائی رسک یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ مرکوز کریں اور اور پولیو مہم میں مقامی کمیونٹی کی شراکت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ہائی رسک یونین کونسلوں میں موثر پولیو مہم کے ساتھ ساتھ وہاں کی مجموعی ترقی کے لیے بھی خصوصی اقدامات کریں۔انسداد پولیو مہم کے زیادہ سے زیادہ نتائج کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے جدید اور تخلیقی زاویے سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک سے پولیو کے وائرس کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ اور بین الاقوامی ذمہ داری بھی ہے جس کے لیے ایک نئے عزم اور تخلیقی زاویے کے ساتھ سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے جس کے لیے حکومت تمام وسائل استعمال کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں انسداد پولیو مہم کے تسلسل اور اس کے اہداف کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اگرچہ صوبے سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ ایک مشکل کام ضرور ہے لیکن ہم ایک دن ضرور اس میں کامیاب ہوجائیں گے۔
chief secretary kp kazim presiding over a meeting on polio eradication


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
28144