Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت اور تاجر تنظیموں کے درمیان مذاکرات کامیاب، شناختی کارڈ کی شرط 31 جنوری تک مؤخر

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(آئی آئی پی)حکومتی کمیٹی اور تاجر تنظیموں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، تاجروں کیلئے شناختی کارڈ کی شرط 31 جنوری 2020 تک مؤخر کر دی گئی ہے، اس ضمن میں معاہدہ طے پایا گیا ہے، معاہدہ کے مطابق سالانہ 10 کروڑ تک کی ٹرن اوور والا تاجر 1.5 فیصد ٹرن اوور ٹیکس کی بجائے 0.5 فیصد ٹرن اوور ٹیکس دے گا، 10 کروڑ کی ٹرن اوور والا تاجر ود ہولڈنگ ایجنٹ نہیں بنے گا۔ معاہدہ کے مطابق سیلز ٹیکس رجسٹریشن کیلئے سالانہ بجلی کے بل کی حد 6 لاکھ روپے سے بڑھا کر 12 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ حکومتی کمیٹی اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ حکومتی کمیٹی اور تاجر برادری کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، 31 جنوری 2020 تک شناختی کارڈ کی شرط مخر کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہر پالیسی کا محور پاکستان کے عوام اور ان کی فلاح و بہبود ہے، حکومت معیشت کو مستحکم اور بڑھوتری دینا چاہتی ہے، تاجر برادری کو سہولیات کی فراہمی اور انہیں کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنا وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی اقتصادی ٹیم کو ہدایت کی تھی کہ تاجر برادری کے ساتھ مل کر ان کے مسائل کا حل ڈھونڈ نکالے کیونکہ ہم معیشت کو آگے لے جانا چاہتے ہیں، جب معیشت بہتر اور اس میں تیز رفتار ترقی ہو گی تبھی ہم پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا بھی وہی مقصد ہے جو حکومت کا ہے، ہم معیشت کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے ایف بی آر میں خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے گا، شناختی کارڈ کی شرط پر عملدرآمد کو 31 جنوری 2020 پر مخر کر دیا گیا ہے، حکومت اور تاجر برادری کا اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ جو تاجر ٹیکس دینے کے اہل ہیں اور ٹیکس نہیں دے رہے انہیں شفاف طریقہ سے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا، حکومت بزنس کمیونٹی کیلئے آسانیاں پیدا کرے گی، ہم ایسا ماحول بنائیں گے کہ جس سے کاروبار اور معیشت فروغ پائے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر معاملات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، دیگر معاملات پر بھی جلد اتفاق ہو جائے گا، ہم اپنے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو اعتماد دینا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر سید شبری زیدی نے کہا کہ ایف بی آر تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے اور اس ضمن میں اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ کی شرط کا اطلاق 31 جنوری 2020 تک مخر ہو گیا ہے اور فی الوقت کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ حکومت اور تاجر برادری کے درمیان جو معاہدہ طے پایا گیا ہے وہ 11 نکات پر مشتمل ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
27966