Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پہلے سڑکیں بنائیں پھر سیاحوں کو بلائیں، چترال آنے والے شہری کا وزیراعظم کوشکایت

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(فیاض احمد ) خیبر پختونخوا کی وزارت سیاحت کی جانب سے ٹورزم کو فروغ دینے کیلئے چلائی گئی مہم سے متاثر ہوکر چترال جانے والے شہری کا پارہ چڑھ گیا۔ خراب سڑکوں کے باعث ٹور زندگی کا خوشگوار سفر تلخ یادیں بن جانے پر شہری نے برہم ہوکر وزیراعظم سے شکایت کردی۔
.
خیبر پختونخوا حکومت نے رواں سال بالائی اضلاع میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھرپور مہم چلائی جس کے باعث رواں سال چترال، سوات اور ناران کاغان کی جانب سیاحوں کا زیادہ رش دیکھنے میں آیا مگر سوات اور چترال میں سڑکوں کی بدترین حالت کے باعث سیاحوں کی اکثریت مایوس واپس لوٹی۔
.
نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے سیاح کچھ دن قبل اپنے دوستوں کے ہمراہ سیروتفریح کی غرض سے چترال گئے تھے۔ مگرسڑکوں کی ابتر صورتحال نے ان کے سفر کو خوشگوار کے بجائے تلخ بنا دیا جس پر انہوں نے اپنے غصے کا اظہار کچھ الگ انداز میں کیا۔ انہوں نے سٹیزن پورٹل پر شکایت کردی اور لواری ٹنل سے دروش تک مخدوش سڑکوں کی تصاویر اور ویڈیو بھی شیئرکردیں۔
.
شہری نے کمپلینٹ میں خیبرپختونخوا کے محکمہ سیاحت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے تفریحی مقامات آنے کی دعوت تو دی جاتی ہے مگر سڑکوں کی ابتر صورتحال کی وجہ سے سیر سپاٹا عذاب بن جاتا ہے۔
.
انہوں نے اپنے چترال کے سفرکوموت کا سفرقرار دیکر وزیراعظم پاکستان سے اپیل کی کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی حکام سے وضاحت طلب کی جائے کہ آخرچترال جیسے پرفضا مقام کی سڑکوں کی بحالی میں تاخیر کیوں ہورہی ہے۔
.
شہری نے وزیراعطم سیل کو متعلقہ ٹھیکیدار اور ضلعی انتظامیہ سے معاملے کی انکوائری کا بھی مطالبہ کردیا۔ شکایت کنندہ نے حکومت سے درخواست کی کہ سیاحوں کے لئے سفرآسان بنانے کے فوری اقدامات ہونے چاہئیں جس میں سڑکوں کی تعمیر اور ہوٹلز کا قیام بہت ضروری ہے۔
(سماء ٹی وی)‌


شیئر کریں: