Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کورین کمپنی کا ضلع کوہستان میں 496میگاواٹ سپاٹ گاہ پن بجلی منصوبہ شروع کرنے کافیصلہ

شیئر کریں:

منصوبے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری آئے گی،روزگارکے نئے مواقع میسرہونگے،مشیرتوانائی حمایت اللہ خان کی وفد سے بات چیت
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)‌ جنوبی کوریا کی توانائی کے شعبے میں حکومتی سطح پر کام کرنے والی کوریا ہائیڈرواینڈ نیوکلئیرپاورکمپنی نے خیبرپختونخواکے ضلع کوہستان میں 496میگاواٹ سپاٹ گاہ پن بجلی کے منصوبے پرپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ(PPP)موڈ کے تحت جلدعملی کام شروع کرے گی۔اس سلسلے میں صوبائی حکومت اورکورین کمپنی کے درمیان پہلے ہی مفاہمتی یاداشت (MoU)پر دستخط ہوچکے ہیں۔ توانائی کے مذکورہ منصوبے کی تکمیل سے صوبے میں ایک طرف اربوں روپے کی سرمایہ کاری آئے گی اور دوسری طرف روزگارکے نئے مواقع بھی میسرآئیں گے اورسستی بجلی کی پیداوارسے ملک کوموجودہ توانائی بحران سے نکالنے میں مدد ملے گی۔اس سلسلے میں مشیر توانائی حمایت اللہ خان کی زیرصدارت منگل کے روز پشاور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہواجس میں Korea Hydro & Nuclear Power Companyکے سینئرمنیجرChoi Hyun Joonکی قیادت میں کوریاکے وفد نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی محمد زبیرخان، ایڈیشنل سیکرٹری توانائی ظفرالاسلام خٹک،چیف پلاننگ آفیسرذین اللہ شاہ،چیف ایگزیکٹوپیڈوزاہد اخترصابری بھی موجود تھے۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ گزشتہ سال سپاٹ گاہ ہائیڈروپاورپراجیکٹ کوپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کرنے کے سلسلے میں ایک مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کئے گئے جسمیں 74فیصدپرائیویٹ سرمایہ کاری،25فیصدخیبرپختونخواحکومت اور1فیصدواپڈاکا حصہ ہے تاہم عملی کام شروع کرنے سے پہلے منصوبے کی فزیبلٹی اورڈیزائن کواپ ڈیٹ کیا جائیگا۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی وبرقیات محمدزبیرخان نے کورین سرمایہ کار وفد کوبتایاکہ خیبرپختونخواحکومت کورین کمپنی کی جانب سے ضلع کوہستان میں پن بجلی کا منصوبہ شروع کرنے کا خیرمقدم کرتی ہے تاہم منصوبے پر عملی کام شروع کرنے کے سلسلے میں باقاعدہ معاہدہ کرنے اور حکومتی فیصلہ لینے کے لئے تجاویز مرتب کی جائیں گی۔ اس موقع پر مشیرتوانائی حمایت اللہ خان نے بتایاکہ منصوبہ آئندہ 5سالوں میں مکمل ہوگاجوصوبے کی حالیہ تاریخ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پہلا سب سے بڑاپن بجلی کا منصوبہ ہوگا۔جس سے صوبے کو سالانہ تقریباً3ارب روپے کی آمدن ہوگی۔انہوں نے کورین سرمایہ کاروفد کو یقین دلایا کہ آئندہ چند روز میں اس اہم منصوبے کو شروع کرنے کے بارے میں وزیراعلیٰ کوپروپوزل پیش کیاجائے گا اوراس کے بعد ہی اس منصوبے پر عملی کام شروع ہو گا۔کورین وفد نے سماجی بہبودکی ترقی کے لئے سیاحت وتعلیم کے شعبوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ باہمی تعاون کی بھی پیش کش کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں: