Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ‌نے کریم موبائل ایب پر ریسکیو1122سروسز فراہم کرنے کا باضابطہ افتتاح کردیا

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں کریم موبائل ایپ پر ریسکیو 1122سروسز فراہم کرنے کا باضابطہ افتتاح کیاہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پہلی بار خیبرپختونخوا حکومت ڈیجیٹل ایپ پر مفت میڈیکل ریسکیو سروسز اور فائربریگیڈ کی خدمات فراہم کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا یہ اقدام جدید ٹیکنالوجی کی استعمال کی جانب ایک اور سنگ میل ثابت ہوگا۔ یاد رہے کہ پچھلے ماہ ریسکیو1122خیبرپختونخوا اور نجی ٹیکسی کمپنی کریم کے مابین موبائل ایپ پر ریسکیو سروسز فراہم کرنے کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے تھے، جس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ابتدائی طور پر منصوبے کو پشاور میں لانچ کیا گیاہے۔ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ پشاور شہر کے پچاس ہزار سے زائد فعال صارفین نجی کمپنی کی رائیڈر سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122اور کریم کمپنی موبائل ایپ سے آزمائشی طور پر ریسکیو سروس کا پشاور سے باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے ، اب شہری موبائل ایپ کے ذریعے ایمرجنسی حالات میں موبائل کے ایک کلک پر ریسکیو1122سروسز سے بھر پور استفادہ کرسکتے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ موبائل ایپ سے انسانی جانیں بچانے میں بھر پور مدد ملے گی ۔ وزیراعلیٰ کامزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ٹیکنالوجی کو عام کرنے اور اس کے استعمال کو آسان بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور موبائل ایپ کے ذریعے ریسکیوسروسز فراہم کرنے کیلئے اس پائلٹ پراجیکٹ کی پشاور میںکامیابی کے بعد صوبے کے دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جائیگی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت ٹیکنالوجی کو عام کرنے کیلئے اقدامات اُٹھارہی ہے جو ڈیجٹائزیشن کی طرف اہم کامیابی ہے جس سے نہ صرف عام آدمی کی زندگی بہتر ہو گی بلکہ سہولیات کی فراہمی میں بھی معاونت ملے گی ۔تقریب میں وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، سیکرٹری ریلیف عابد مجید، نجی کمپنی کریم کے ہیڈ آف آپریشن کریم عتیق الرحمن و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔
<><><><><>
.
وزیراعلیٰ کی سینئرصحافی اورروزنامہ آج کے بانی ایڈیٹر عبد الواحد یوسفی کی وفات پرمرحوم کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخو امحمود خان سینئر صحافی اور روزنامہ آج کے بانی ایڈیٹر عبد الواحد یوسفی کی وفات پرمرحوم کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور دعاکے لئے ان کے گھر گئے ۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم صحافی کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی صحافت کیلئے گراں قدر خدمات کبھی فراموش نہیں کی جا سکیں گی ۔وزیراعلیٰ نے مرحوم کی وفات کو ان کے خاندان کے لئے بڑا سانحہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کی دنیا میں عبدالواحد یوسفی کا بڑا مقام ہے ۔ مرحوم نے صوبہ میں صحافت کو زندہ رکھا ہے ۔ عبدالواحد یوسفی کا صحافت میں یہ مقام ان کی مسلسل جدوجہد اور مخلصانہ سوچ کے بدولت ہے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ عبد الواحد یوسفی نے خیبرپختونخوا جیسے پسماندہ صوبے میں صحافت کا علم بلند کئے رکھا اور اپنی مسلسل محنت اور جدوجہد سے یہاں کی صحافت کو نئی نئی جہتوں سے روشناس کرایا۔ مرحوم نے کارکن صحافی کی حیثیت سے اپنی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز کیا اور پھر کامیابی کی منازل طے کرتے چلے گئے ۔عبد الواحد یوسفی نے اپنے اُصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور صوبے کے مسائل کو اُجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی کمی مدتوں محسوس کی جاتی رہے گی ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عبدالواحد یوسفی نے نہ صرف صوبے میں صحافتی اقدار کو اونچائی کے منازل تک پہنچایا بلکہ صحافتی برادری کے مسائل کو حل کرنے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عبدالواحد یوسفی نے قلم کے ذریعے معاشرے کے مسائل اجاگر کئے جبکہ معاشرتی برائیوں کو دورے کرنے میں بھی اپنا حصہ ڈالے رکھا۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کواس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کیلئے دُعا کی۔


شیئر کریں: