Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ای۔ورک آڈر پر کام شروع کر دیا گیا ہے جس سے ٹینڈرز کا سارا نظام آن لائن ہوگا..اکبرایوب

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ ای۔بلنگ اور ای۔بڈنگ کے بعد ای۔ورک آڈر پر کام شروع کر دیا گیا ہے جو کہ اس سال کے آخر تک مکمل کروا دیا جائے گا جس سے ٹینڈرز کا سارا نظام آن لائن ہو جائے گا اور اس سے نہ صرف کرپشن اور کمیشن جیسے ناسور کا اس نظام سے مکمل خاتمہ کردیا جائے گا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ جن اضلاع میں ای۔بلنگ کا نظام شروع نہ ہوسکا وہاں بھی اسکا آغاز ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر ڈویژن کا دفتر صبح دس بجے بائیومیٹرکس حاضری کی پرنٹ نکلوا کر میرے دفتر فیکس کروائے گا اور ہر مہینے کے آخر میں جس سرکاری اہلکار کی جتنی فیصد حاضری ہوگی اس کو اتنی فیصد تنخواہ دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو انجینئر محمد شہاب خٹک، چیف انجینئر سنٹرل محمد ایوب خان، چیف انجینئر نارتھ محمد طارق، چیف انجینئر ضم شدہ اضلاع شاہد حسین، تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ڈائریکٹر آئی ٹی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔جائزہ اجلاس میں صوبائی وزیر کو محکمہ مواصلات و تعمیرات میں اب تک ہونے والی تمام اسکیموں میں پیشرفت سے آگاہ کیا گیا اکبر ایوب خان نے کہا کہ محکمے میں جاری ای۔بلنگ اور ای۔بڈنگ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے اور تمام سپرنٹنڈنگ انجینئر کو ہدایت کی کہ وہ خود تمام اسکیموں کی نگرانی کریں اور محکمے کے ساتھ ہر وقت رابطے میں ہیں تاکہ تمام اسکیموں کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔انہوں نے ہدایت جاری کی کہ تمام افسران نئے ایم آر ایس کو بغور پڑھیں اور اس کے متعلق تمام تر شکایات کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے۔صوبائی وزیر مواصلات نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹی۔ایس کے بغیر کوئی بھی ٹینڈر پروسیس نہیں کیا جائے گا اور کوئی بھی ٹینڈر منظور شدہ ٹی۔ایس کے بغیر نہیں دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ کہ تمام سپرنٹنڈنگ انجینئر ز اپنے اپنے سرکل کے ٹی۔ایس کو مکمل کروائیں اور ان کی رپورٹس دس دن تک میرے آفس میں جمع کروا دی جائے۔ اکبر ایوب خان نے نے ہدایت جاری کی کہ تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز اپنے سرکل کی ایم&ای رپورٹس اور روڈز انسپکٹرز کی پوزیشن کے حوالے سے اجلاس کروائیں اور ان کی رپورٹ بھی تین دن میں جمع کروادی جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کو کرپشن سے پاک کرنے اور تمام اسکیموں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ اپنی اپنی ذمہ داریاں نہایت فرض شناسی اور خوش اسلوبی سے نبھائیں تاکہ محکمہ مواصلات کو دوسرے محکموں کے لئے رول ماڈل بنایا جاسکے۔


شیئر کریں: