Chitral Times

Dec 1, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کامیاب نوجوان پروگرام کاافتتاح، دس لاکھ نوجوانوں‌کوقرضے فراہم کئے جائیںگے…وزیراعظم

Posted on
شیئر کریں:

جس سے بیروزگاری اور غربت جیسے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور نوجوانوں کو ملکی معیشت کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا موقع میسر آئے گا، وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کا باضابطہ افتتاح کردیا
….
اسلام آباد(آئی آئی پی) کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو 100 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے جائیں گے جس سے بیروزگاری اور غربت جیسے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور نوجوانوں کو ملکی معیشت کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا موقع میسر آئے گا، ملک بھر کے نوجوان قرضوں کے حصول کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں، پروگرام سے 10 لاکھ نوجوان مستفید ہونگے، خواتین کیلئے 25 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، بینک کسی درخواست کو مسترد کرنے کیلئے وجوہات بتانے کے پابند ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کا باضابطہ افتتاح جمعرات کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں کیا۔ یہ پروگرام ملک کی نوجوان آبادی کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور قومی تعمیر میں انکے کردار کو نمایاں کرنے کے حوالے سے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ کامیاب جوان پروگرام نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک کے تحت تیار کیا جانے والا پہلا پروگرام ہے جس کے ذریعے تعلیم اور صلاحیت کے حامل لاکھوں نوجوانوں کو وسائل کی فراہمی اور تعمیر و ترقی کے مواقعوں کی دستیابی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے 100 ارب کا خطیر سرمایہ نوجوانوں کو قرضوں کی شکل میں مہیا کیا جائے گا، جس سے بیروزگاری اور غربت جیسے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملی گی اور ملکی معیشت کی ترقی میں نوجوانوں کو نمایاں کردار میسر آئے گا۔ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو 3 مختلف کیٹیگریز کے تحت سرمایہ مہیا کیا جائے گا۔ پہلی کیٹیگری میں 10 ہزار سے لے کر ایک لاکھ تک کی مالیت کے بلا سود قرضے شفاف ترین نظام کے تحت مہیا کیے جائیں گے۔ دوسری کیٹگری میں ایک سے لے کر 5 لاکھ مالیت کے آسان ترین شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ تیسری کیٹگری میں 5 لاکھ سے 50 لاکھ تک کے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ ملک بھر سے نوجوان www.kamyabjawan.gov.pk کو استعمال کرتے ہوئے اون لائن درخواستیں جمع کروا سکیں گے۔ قرض کے حصول کے لئے آن لائن پورٹل کے علاوہ کوئی تحریر درخواست یا فارم دستیاب نہیں۔ اس پروگرام سے براہ راست 10 لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے۔ خواتین کے لئے سرمائے کی فراہمی اور معاشی سرگرمیوں میں انکا کردار یقینی بنانے کے لئے 25 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ جدید ترین اور نہایت شفاف انداز میں درخواستوں کی پڑتال کے ذریعے قرضوں کی تقسیم کا مربوط نظام مرتب کیا گیا ہے جس کی مکمل نگرانی وزیرِاعظم آفس سے کی جائے گی۔ ملک بھر سے موصول ہونے والی درخواستوں پر قرض کی رقوم کا اجرا نیشنل بنک آف پاکستان، بنک آف خیبر اور بنک آف پنجاب کے ذریعے کیا جائے گا۔ مذکورہ بنک ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وضع کیے گئے خفیہ سکور کارڈ کے تحت درخواستوں کی پڑتال عمل میں لائیں گے اور کسی بھی درخواست کی منظوری یا اسے مسترد کرنے کا 30 سے 45 روز میں فیصلہ کریں گے۔


شیئر کریں: