Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایس سی او(ایس کام) اور یوفون کے درمیان باہمی رومنگ سروس کے معاہدہ پردستخط

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں کام کرنے والے سب سے بڑے ٹیلی کام آپریٹر اسپیشل کمیونکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او) نے یوفون کے ساتھ اسلام آباد میں پی ٹی سی ایل کے ہیڈ کوارٹرز میں باہمی رومنگ سروس کا معاہدہ کیا ہے۔ اس تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل عامر عظیم باجوہ (ریٹائرڈ)، ہلال امتیاز (ملٹری)،ایس سی او کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل علی فرحان،ہلال امتیاز (ملٹری)، پی ٹی سی ایل و یوفون کے پریذیڈنٹ اور سی ای او راشد خان سمیت دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام موجود تھے۔

اس معاہدے کے تحت یوفون پاکستان میں واحد ٹیلی کام آپریٹر بن گیا ہے جو ایس سی او صارفین کو وائس اور ایس ایم ایس سروسز کے ساتھ ڈیٹا سروس بھی فراہم کرے گا جبکہ ایس سی او بھی آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں یوفون کے صارفین کو رومنگ وائس اور ایس ایم ایس سروسز فراہم کرے گا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر رہے کہ یوفون اور ایس سی او کے درمیان سال 2008 سے ایک معاہدہ ہے جس کے تحت ایس سی او کے صارفین پاکستان میں وائس اور ایس ایم ایس رومنگ سروسز سے مستفید ہورہے ہیں۔

اس پیش رفت سے معاشی سرگرمی میں تیزی آنے کی توقع ہے کیونکہ رابطوں کی بہتر صلاحیت سے مہارت اور کارکردگی پر مزید مثبت فرق پڑتا ہے اور اسکے نتیجے میں لاگت میں بچت کے ساتھ کاروبار میں ترقی آتی ہے۔

ایس سی او کے ڈی جی میجر جنرل علی فرحان، ہلال امتیاز (ملٹری) نے کہا، “ایس سی او فخریہ دعویٰ کرسکتا ہے کہ اس کا سب سے ماڈرن نیٹ ورک ہے جو اپنے معزز صارفین کو جدید ترین موبائل خدمات فراہم کر رہا ہے۔ یوفون ملک میں کمیونکیشنز کے میدان میں کام کرنے والی ایک انتہائی جدت انگیز کمپنی ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس اتحاد سے پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں رہائش پذیر افراد سب سے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے۔”

پی ٹی سی ایل اور یوفون کے پریذیڈنٹ اور سی ای او راشد خان نے کہا، “ہمارا اہم اتحاد دونوں اداروں کے لئے کامیابی کی حیثیت رکھتا ہے اور صارفین کے لئے اس سے بھی زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ اس اتحاد کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وسائل کی باہمی فراہمی سے دونوں اداروں کو فائدہ پہنچے گا اور وہ عوام کو مزید بہتر خدمات پیش کریں گے جس کے نتیجے میں لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ “


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, گلگت بلتستانTagged
27122