Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

فوڈ اتھارٹی کو صوبے کے 15 دیگر اضلاع تک توسیع دی جائیگی….وزیراعلیٰ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )‌ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں اشیائے خوردونوش سے ملاوٹ کے خاتمے اور خوراک سے جڑے کاروبار میں صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے فوڈ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ ملاوٹ کے خاتمے اور صفائی کو یقینی بنانے پر زور دیا جائے جبکہ اشیائے خوردونوش سے وابسطہ افراد کو بھاری جرمانوں کی بجائے آگاہی مہم کے ذریعے قائل کرنے پر زور دینا چاہیئے ۔وزیراعلیٰ نے حیات آباد میں واقع ڈرگ فوڈ لیبارٹری کو فوڈ اتھارٹی کے سپرد کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ ملاوٹ کے خاتمے اور اشیائے خوردونوش میں صفائی یقینی بنانے اور عوام کی آگاہی کیلئے میڈیا کیمپن پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے چارسدہ میں گڑ میں ہونے والی ملاوٹ کے خلاف ٹھوس اقدامات اُٹھانے کی بھی ہدایت کی ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلی محمود خان نے وزیراعلیٰ ہاوس میں فوڈ اتھارٹی کی صوبے کے 15 دیگر اضلاع تک توسیع کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، چیئر مین فوڈ اتھارٹی اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی سہیل خان و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے وزیراعلی کو فوڈ اتھارٹی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور وزیراعلی کو ادارے کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک اتھارٹی صرف سات ڈویژنل اضلاع میں فعال ہے جبکہ دوسرے فیز میں ادارے کو صوبے کے پندرہ اضلاع تک توسیع دی جارہی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ اگلے سال اتھارٹی کو صوبے کے دیگر باقی ماندہ تمام اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی۔اجلاس کو ادارے کے طریقہ کار اور نئے مانیٹرنگ سسٹم کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے اشیائے خوردونوش سے متعلق روزگار میں لائی گئی بہتری اور اس روزگار سے وابسطہ افراد کی جاری تربیت کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اشیائے خوردونوش کی صفائی اور اس میں ملاوٹ کی روک تھام کیلئے فوڈ اتھارٹی کے پاس تکنیکی ماہرین پر مشتمل جدید آلات سے لیس ٹیمیں کام کر رہی ہیں جس سے نہ صرف معیاری خوراک کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے بلکہ صحت مند معاشرے کے فروغ کے ساتھ ساتھ بیماریوں میں کمی بھی ممکن ہو رہی ہے۔اتھارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک ادارے نے 65786 معائنے کئے ہیں جبکہ 29342 نوٹسز بھی جاری کئے ہیں۔ اسی طرح 24867 فالو اپ معائنے عمل میں لائے گئے ہیںجبکہ 21074 لائسنس نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ 2048368 آئٹم تلف کئے گئے ہیں جبکہ جرمانوں کی مد میں 86.493 ملین رقم وصول کی گئی ہے اسی طرح لائسنس فیس کی مد میں 58.998 ملین روپے وصول کئے گئے ہیں۔ 1919 ملاوٹی اشیاءبیچنے اور بنانے والے کاروباروں کو سیل کیا گیا ہے ۔ اس دوران ملاوٹ کے حوالے سے اتھارٹی کو 2261 شکایات موصول ہوئی ہیںجن میں 2243 شکایات کو نمٹایا گیا ہے ۔اجلاس کو صوبے میں اشیائے خوردونوش کی صفائی اور اس میں ملاوٹ کی روک تھام کے حوالے سے اتھارٹی کے مستقبل کی لائحہ عمل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق فوڈ اتھارٹی کو خوراک میں صفائی اور ملاوٹ پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور اشیائے خوردونوش سے متعلق آگاہی پر زیادہ زور دیا جائے اور جرمانوں میں نسبتاً کمی لائی جائے تاکہ لوگوں کے روزگاروں میں بہتری لائی جاسکے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے سے ملاوٹی اشیاءکا خاتمہ اور اشیائے خوردو نوش میں صفائی لانے کیلئے تمام ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے جس سے بیماریوں کی روک تھام بھی ممکن ہو سکے گی کیونکہ معیاری خوراک ہی صحت مند عوام کی ضمانت ہے ۔
………………………………………..

دریں‌اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے چینی سفیر مسٹر ہان سے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے صوبے کی تعمیر و ترقی، اداروں کے استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات اور بالخصوص وزیراعلیٰ محمود خان کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا اور اپنی حکومت کی نیک خواہشات سے انہیں آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے چینی سفیر کے ساتھ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کیلئے تعاون پر اتفاق کیا۔ اُنہوں نے چینی سفیر کو صوبے میں جاری چینی منصوبوں میں ہر ممکن تعاون اور مدد کا یقین بھی دلایا اور کہا کہ چین دوسری عالمی اقوام کے مقابلے میں پاکستان کے زیادہ قریب ہے اور خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں چینی باشندوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا تا ہے۔وزیراعلیٰ نے چائنیز حکومت کی رشکئی اکنامک زون کے قیام میں تعاون پر شکریہ ادا کیاہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں چائنیز حکومت کی طرف سے جاری منصوبوں کی تکمیل کے لئے تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں صنعتی زونز کو بجلی کی فراہمی کے لئے سینو ہائیڈرو پروجیکٹس پر دوطرفہ تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ صنعتی زونز کو سینو ہائیڈرو پروجیکٹس سے سستی بجلی فراہم کی جائیگی جبکہ صنعتی زونز میں باہر سے سرمایہ کاروں کو مدعو کیا جائیگا۔ملاقات میں قبائلی اضلاع کی تیز تر ترقی کے لئے تعاون اور دونوں ملکوں کے تعاون سے جاری منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران چینی سفیر نے خیبرپختونخوا کی ترقی کے لئے صنعتی زونز پر تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ سی پیک میں خیبرپختونخوا کی معاشی لنکس کو مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ چینی سفیر نے ملاکنڈ ڈویژن میں کیٹیگری اے ہسپتال کے قیام اور جنوبی اضلاع کے لئے پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر تعاون اورتکنیکی مدد فراہم کرنے جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف منصوبوں کے لئے سوشیو اکنامک پیکج کے تحت تعاون فراہم کرنے، سی پیک کے علاوہ گلگت سے شندو ر تک روڈ کے لئے مشترکہ تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین نہ صرف اکنامک کوریڈور کے عظیم الشان منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتا ہے بلکہ اپنے ہمسایہ صوبے کی حیثیت سے خیبرپختونخوابشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ چین کے ساتھ دیگر شعبوں میں بھی دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے چائنیز حکومت کی طرف سے کشمیر مسئلے پر پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا ۔
Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa Mahmood Khan talking to Chinese Ambassador Mr. Yao Jing at Chief Minister House Peshawar


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
26277