Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بونی کے رضاکاروں‌نے اپنی مدد آپ کے تحت بونی پل سے بازارتک سڑک کی مرمت کی

Posted on
شیئر کریں:

بونی (نمائندہ چترال ٹائمز) تحریک حقوق عوام اپر چترال، تجار یونین، عوام بونی، گولڈن کلب بونی اور دوسرے سماجی اداروں کی طرف سے بونی پل سے بازار روڈ کی چھٹی مرتبہ اپنی مدد آپ کے تحت مرمت کی گئی جس میں عوامی حلقوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

روڈ کی مرمت کے بعد عوامی حلقوں کی طرف سے حکومت اور متعلقہ اداروں کو کھل کر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ یاد رہے کہ اس روڈ اور ڈرینج چینل کا تین سال پہلے ٹینڈر ہوچکا ہے مگر تاحال لوگوں کو زمین کے رقوم کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے کام شروع نہیں ہوسکا۔ روڈ پر پانی بہنے کی وجہ سے روڈ کی حالت انتہائی خراب تھی اور کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی تھی۔ اس روڈ سے روزانہ کی بنیاد پر اپر چترال کے تمام علاقوں سے لوگ ہسپتال اور دوسرے دفتری کاموں کے سلسلے میں بونی آتے ہیں اور روڈ کی ناگفتہ بہ حالت کی وجہ سے ان کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ مسئلہ تحریک حقوق عوام اپر چترال، تجار یونین اپر چترال اور دوسرے سماجی وسیاسی حلقوں کی جانب سے کئی مرتبہ ارباب اختیار کے نوٹس میں لایا جاچکا ہے لیکن اس سلسلے میں اب تک کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا گیا۔

حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے اس مسئلے کو سنجیدہ ہی نہیں لیا جارہا جو کہ انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ حالانکہ اپر چترال کے تمام سرکاری افسران بشمول ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام اداروں کے سربراہان روزانہ اسی روڈ سے گزرتے ہیں لیکن اس مسئلے کے حل میں ان کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔

سڑک کی مرمت مکمل کرنے کے بعد ظہیر الدین بابر کی صدارت میں ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ جہاں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی۔ اور حکومت سے اس روڈ کی مستقل طور پرفوری تعمیر کا مطالبہ کیا گیا۔ اس بات پر زور دیا گیا۔کہ فوری طور پر اس روڈ میں لینڈ کمپنسیشن کی ادائیگی کی جائے کیونکہ تین سالوں سے زمین مالکان کو اس روڈ کی مد میں ادائیگیاں نہیں ہوئی ہیں۔

تحریک حقوق عوام اپر چترال، تجار یونین اپر چترال اور عوامی نمائندگان متعلقہ اداروں سے آخری مرتبہ پرزور مطالبہ کیا ہے کہ روڈ اور ڈرینج چینل کی تعمیر کا کام بغیر کسی مزید تاخیر کے شروع کیا جائے بصورت دیگر تحریک حقوق عوام، تجار یونین اپر چترال اور عوامی وسماجی تنظیمات کی طرف سے زبردست احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی زمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پرہوگی۔

booni road repaired by selfhelp 9

booni road repaired by selfhelp 10

booni road repaired by selfhelp 11

booni road repaired by selfhelp 2

booni road repaired by selfhelp 5

booni road repaired by selfhelp 8

booni road repaired by selfhelp 7

booni road repaired by selfhelp 6


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
26141