Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آغاخان یونیورسٹی ایگزامینشین بورڈ کی گلگت اورچترالی طلبہ کو برج اسکالرشپ دینے کا اعلان

Posted on
شیئر کریں:

گلگت (چترال ٹائمزرپورٹ )‌ آغا خان یونیورسٹی-ایگزامینیشن بورڈ(اے کے یو-ای بی)نے گلگت-بلتستان اور چترال کے علاقوں کے لیے اے کے یو-ای بی برج اسکالر شپ کے آغاز کا اعلان کر دیا۔ پروفیشنل ڈیویلپمنٹ سینٹر، نارتھ(پی ڈی سی این)، گلگت میں ایک تقریب میں اس کا افتتاح کیا گیا۔
فینسی فاؤنڈیشن نے حال ہی میں مخصوص سرمایہ وقف کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت گلگت-بلتستان اور چترال(جی بی سی)کے طلبہ کو اے کے یو-ای بی برج اسکالرشپ دی جائے گی۔ اسکالر شپ کے تحت اے کے یو-ای بی ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ(ایچ ایس سی سی)کے امتحانات کی فیس ادا کی جائے گی۔
ڈاکٹر انجم ہلائی، وائس پرووسٹ، ایشیا اور یو کے اور اے کے یو کی فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سائنسز کے قائم مقام ڈین نیافتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا، ”پسماندہ خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو معیاری جانچ اور تعلیم کی فراہمی اے کے یو-ای بی کا مشن ہے۔ مضبوط اشتراک کے بغیر اس مشن کی تکمیل ممکن نہیں؛ ایسا اشتراک جس کی بنیاد باہمی احترام اور اعتماد پر ہو۔ اے کے یو-ای بی کی کاوشوں کو سہارا دینے کے لیے اس فنڈ کے اعلان پر میں فینسی فاؤنڈیشن کا مشکور ہوں۔”
تقریب میں حکومتی افسران، فینسی فاؤنڈیشن کے نمائندے، اے کے یو اور اے کے یو-ای بی کے سینیئر قائدین، اسماعیلی ریجنل کاؤنسل کے اراکین، اے کے ای ایس، پی کی انتظامیہ اور مختلف اسکولوں کے صدورمدرس اور ہیڈ ٹیچرز موجود تھے۔ چیف سیکریٹری، گلگت بلتستان کیپٹن(ریٹائرڈ)محمد خرم آغا تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان بھر کے طلبہ خصوصاً دور دراز علاقوں میں رہنے والے طلبہ کو شفاف اور مساوی مواقع فراہم کرنے پر اے کے یو-ای بی کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا۔ ”پچھلے پانچ سالوں کے دوران، جی سی بی سے تقریباً 100 طلبہ اے کے یو-ای بی کے ہائی اچیورز میں شامل رہے ہیں۔ میں اے کے یو-ایگزامینیشن بورڈ کی اس کیٹگری میں پاکستان بھر سے طلبہ کی بڑی تعداد دیکھ کر بے حد متاثر ہوا ہوں۔ ہمیں امید ہے کہ فینسی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے دی جانے والی یہ اسکالر شپ تعلیمی اور پیشہ ورانہ اہداف کے حصول میں طلبہ کی معاونت کرے گی اور انہیں معاشرے میں مثبت اور اہم کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گی۔’ ‘
ذہنی قابلیت کی بنیاد پر دی جانے والی برج اسکالرشپ ان طلبہ کو دی جائے گی جو اے کے یو-ایگزامینیشن بورڈ سے ایچ ایس ایس سی کے امتحانات میں شریک ہوں گے۔ ذہنی اور تعلیمی قابلیت کا فیصلہ اے کے یو-ای بی کے تحت دیئے گئے سیکنڈری اسکول سرٹیفیکیٹ(ایس ایس سی)کے نتائج کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
فینسی گروپ کے سی ای او عامر ایس فینسی نے اس موقعے پر بات کرتے ہوئے کہا، ” مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوتی ہے کہ جی بی سی کے اے کے یو-ای بی سے فارغ التحصیل ہونے والے 90 فیصد طلبہ کو اعلی تعلیم کے حصول کے لیے یونیورسٹییز میں داخلہ مل جاتا ہے۔ اس مخصوص وجہ کی بنیاد پر ہماری فاؤنڈیشن طلبہ کے لیے مختص کیے گئے فنڈز میں اضافہ کر رہی ہے اور اے کے یو-ای بی کے ساتھ اشتراک میں اضافہ کر رہی ہے، تاکہ نہ صرف قابل اور ذہین طلبہ کی نشاندہی کی جا سکے بلکہ تعلیم اور جانچ کے نظام کے اثرات میں مسلسل اضافہ کیا جا سکے۔ یہ اسکالر شپ اے کے یو-ای بی کے طلبہ کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی اور اعلی تعلیم کے لیے پل کا کام کرے گی۔”
پی ڈی سی این پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر مولا داد شفا نے بھی اس موقعے پر حاضرین سے خطاب کیا۔ اے کے یو-ای بی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد جیوا نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی کلمات ادا کیے۔ تقریب کے اختتام پر ایک مقامی گروپ کی میوزیکل پرفارمنس پیش کی گئی۔ اسکالرشپ کا آغاز 2020 میں ہو گا جس کے لیے ایس ایس سی کے طلبہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
AKU EB announces bridge scholorship

AKU EB 2


شیئر کریں: