Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعظم نے بڑی یونیورسٹیوں کو ایلیٹ اسٹیٹس دینے کی تجویز منظور کر لی

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(سی ایم لنکس) وزیر اعظم عمران خان نے بڑی یونی ورسٹیوں کو ایلیٹ اسٹیٹس دینے کی تجویز منظور کر لی، انھوں نے ہدایت کی کہ یونی ورسٹیاں تحقیقی کام کی بنیاد پر کاروباری منصوبوں کا آغاز کریں۔تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر اعظم کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں بننے والی یونی ورسٹی پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور ڈاکٹر عطا الرحمان و دیگر شریک ہوئے۔اجلاس میں یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ امرجنگ ٹیکنالوجیز کے قیام میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اور نیشنل سینٹرز آف ریسرچ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔فواد چوہدری اور عطا الرحمان نے سائنسی و تحقیقی تعلیم سمیت نالج اکانومی پر اجلاس کو بریفنگ دی، اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سائنسی و تحقیقی تعلیم میں وزارت سائنس ٹیکنالوجی کی کاوشوں کی تعریف کی گئی۔وزیر اعظم عمران خان نے زراعت کی ویلیو ایڈیشن سے متعلق مضامین کو خصوصی ترجیح دینے کی ہدایت کی۔دریں اثنا، فواد چوہدری اور چیئرمین ایچ ای سی نے 15 یونی ورسٹیوں کو ایلیٹ اسٹیٹس دیے جانے کی سفارش کی جسے وزیر اعظم نے منظور کر لیا۔اجلاس میں قومی سطح کی اسکالر شپ اسکیم پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے کہا کہ اسکالر شپ اسکیموں کو احساس پروگرام کے ساتھ منسلک ہونا چاہیے، اسکالر شپس سے مستحق اور قابل طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے منتخب کیا جائے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تحقیقی و ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صنعتوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
25336