Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت نے زرداری اور نواز شریف کے بین الاقوامی دوروں کے اخراجات کی تفصیل جاری کردی

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(سی ایم لنکس) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق صدر آصف زرداری اور وزیراعظم عمران خان کے بین الاقوامی دوروں پر خرچ کی جانے والی رقوم کی تفصیلات جاری کر دیں۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ دوروں کی تفصیلات کے مطابق آصف زرداری کے 2009 میں 4 سے 8 مئی تک دورہ امریکا کے دوران چار کروڑ 84 لاکھ 77 ہزار 56 روپے خرچ ہوئے۔آصف زرداری نے 2 مئی سے 4 مئی تک برطانیہ میں ٹرانزٹ قیام کیا جس پر قومی خزانے سے ایک کروڑ 20 لاکھ 39 ہزار رروپے خرچ ہوئے۔آصف زرداری نے دورے کے دوران 2 لاکھ 52 ہزار 460 روپے ٹپ اور 11 لاکھ 27 ہزار 220 روپے تحائف پر لٹائے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 2013 میں 20 اکتوبر سے 23 اکتوبر تک امریکا کا سرکاری دورہ کیا جس پر قومی خزانے سے 5 کروڑ 87 لاکھ 79 ہزار 373 روپے خرچ ہوئے۔نواز شریف نے بھی لندن میں تین دن نجی قیام کیا جہاں انہوں نے 5 لاکھ 34 ہزار 500 روپے ٹپ اور 9 لاکھ 97 ہزار 499 روپے تحائف پر خر چ کیے۔ ان کے وفد میں 44 افراد شامل تھے۔تفصیلات میں بیان کیا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے 20 جولائی سے 25 جولائی تک امریکا کا سرکاری دورہ کیا اس دوران صرف ایک کروڑ 10 لاکھ 51 ہزار 229 روپے خرچ ہوئے۔دورہ امریکا پر وزیراعظم کے وفد کے ہوٹل اخراجات کی مد میں ساڑھے 13 لاکھ روپے اور فضائی سفر پر 60 لاکھ روپے خرچ ہوئے جب کہ وزیراعظم اور ان کے وفد کے کھانے پر 13 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا سرکاری جہاز، سیون اسٹار ہوٹل میں رہائش اور اہل خانہ کا کوئی خرچہ نہیں ہوا جب کہ ٹپ کی مد میں 7 لاکھ 6 ہزار روپے خرچ ہوئے۔ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا کفایت شعاری کی مثال ہے جس میں قومی خزانے کے کروڑوں روپے بچائے گئے۔

………………………………….

 

 

لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ چیلنج کردیا گیا.

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)حکومت کی جانب سے گزشتہ رات پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں قیمتوں کو چیلنج کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف درخواست شہری منیر نے دائر کی جس میں وفاقی حکومت،اوگرا اور وزارت پٹرولیم سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غیر قانونی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف درخواستیں پہلے سے ہی لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں جب تک زیر سماعت درخواستوں کا فیصلہ نہیں ہو جاتا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے متعلق کابینہ سے منظوری بھی نہیں لی۔دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے احکامات پر وزارت خزانہ خاموش ہے جبکہ نئی قیمتوں کا نوٹیفیکیشن بھی جاری نہیں ہوا۔روایت رہی ہے کہ تیل کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان بارہ بجے سے پہلے کر دیا جاتا ہے تاہم پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ اب تک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
24527