Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی وزیر بلدیات کا ٹی ایم اوزکو صوبے میں صفائی کی صورت حال بہتر بنانے کی ہدایت

Posted on
شیئر کریں:

ٹی ایم اوز بلدیاتی نمائندوں کو عزت دیں اور آخری دن تک ان کے ساتھ ٹیم کی صورت میں کام جاری رکھیں۔ شہرام خان ترکئی
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ ٹی ایم ایز صوبے میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے میں اپنا کلیدی کردار بطریق احسن ادا کریں اور اس معاملے میں کسی سے کوئی نرمی نہ برتی جائے تاہم پہلے خاطر خواہ سہولیات فراہم کی جائیں اور قوانین سے آگاہی فراہم کی جائے۔

صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار پورے صوبے سے آئے ہوئے ٹی ایم اوز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ظاہرشاہ، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضرحیات خان، ایڈیشنل سیکرٹری ایل سی بی، سعید الرحمان اور دیگر سرکاری حکام موجود تھے۔ تحصیل میونسپل آفیسرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ ٹی ایم ایز عید سے قبل اپنے علاقوں میں صفائی کے حوالے سے مربوط پلان تیار کرتے ہوئے کچرا اور گندگی پھینکنے کے لئے مخصوص جگہوں کا تعین کریں اور وہاں پر کنٹینر یا چھوٹے کوڑا دان نصب کریں۔ اسی طرح بازاروں اور مارکیٹوں میں بھی کوڑا دان مہیا کریں اور تاجر تنظیموں کے صدور سے ملاقات کرکے انہیں حکومتی اقدامات سے آگاہ کریں تاکہ وہ دکانداروں کو گندگی اِدھر اْدھر پھینکنے کے بجائے متعین کردہ جگہ پر پھینکنے کا پابند کریں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گندگی پھینکنے کے لیے پوائنٹس متعین کرنے سے متعلقہ عملے کو اسے اٹھانے اور صفائی کرنے میں آسانی ہو گی۔

شہرام خان ترکئی نے ٹی ایم اوز کو باور کرایا کہ دکانداروں کو پہلے سہولیات فراہم کی جائیں اور ہر جگہ کوڑا دان نصب کیے جائے اور سب کو اس مخصوص جگہ کچرے پھینکنے کے حوالے آگاہ کیا جائے اگر اس کے بعد بھی خلاف ورزی کریں تو انہیں جرمانے کیے جائیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ گندگی پھیلانے والوں سے کسی بھی قسم کی کوئی نرمی نہ برتی جائے اور سختی سے حکومتی ایجنڈا نافذ کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کی تمام ٹی ایم ایز کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹی ایم اے کی کارکردگی کو سراہا جائے جبکہ اس امر میں سستی کا مظاہرہ کرنے والے ٹی ایم اوز کی سرزنش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر ٹی ایم اے کی روزانہ کی کارکردگی کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ ٹی ایم اوز بلدیاتی نمائندوں کو عزت دیں اور آخری دن تک ان کے ساتھ ٹیم کی صورت میں کام جاری رکھیں۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ سینیٹری ورکرز کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے انہیں تمام ضروری حفاظتی سامان مہیا کریں کیونکہ ان کا صحت مند ہونا ضروری ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے تمام ٹی ایم ایز کو صوبے میں کھمبوں کے ساتھ لگے پوسٹرز اور بینرز کے خلاف کمپین شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے شہروں کی خوبصورتی ماند پڑ چکی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم نے ایک ٹیم کی صورت مل کر کام کرنا ہے اور شہروں کو صاف ستھرا بنانے کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
24438