Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

واپڈا پن بجلی کی پیداوارتاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی…….ترجمان واپڈا

Posted on
شیئر کریں:

واپڈا پن بجلی گھروں سے گزشتہ روز پیک آورز میں نیشنل گرڈ کو 7591میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی
پن بجلی کی ریکارڈ پیداوار تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے اور نیلم جہلم سے بجلی کی بھرپور پیداوار کی بدولت ممکن ہوئی

لاہور(چترال ٹائمزرپورٹ )‌ واپڈاپن بجلی پیداوار تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔گزشتہ روز واپڈا کے پن بجلی گھروں نے نیشنل گرڈ کو پیک آورز کے دوران 7ہزار 591 میگاواٹ بجلی مہیا کی، جو پاکستان میں پن بجلی کی ریکارڈ پیداوار ہے۔پن بجلی کی یہ ریکارڈ پیداوار تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے اور نیلم جہلم سے بجلی کی بھرپور پیداوارکی بدولت ممکن ہوئی۔ قبل ازیں واپڈا پن بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کا ریکارڈ 7ہزار 585میگاواٹ تھا جو گزشتہ سال 19ستمبر کو بنا تھا۔

واپڈا کی طرف سے جاری پریس ریلیز کےمطابق گزشتہ روزپیک آورز کے دوران پن بجلی کے پیداواری اعداد و شمار کے مطابق تربیلا پن بجلی گھر سے 2ہزار 907 میگاواٹ، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے ایک ہزار 372میگاواٹ،غازی بروتھاپن بجلی گھر سے ایک ہزار 450میگاواٹ، نیلم جہلم پن بجلی گھر سے 973 میگاواٹ،منگلا پن بجلی گھر سے 210میگاواٹ، وارسک پن بجلی گھر سے 175میگاواٹ جبکہ واپڈا کے دیگر بجلی گھروں سے نیشنل گرڈ کو 504میگاواٹ پن بجلیپیدا ہوئی۔

پریس ریلیز میں‌مذید کہا گیاہے کہ پن بجلی کے تین بڑے منصوبوں یعنی نیلم جہلم، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے اور گولن گول کی مرحلہ وار تکمیل سے واپڈا کی پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 6ہزار 902میگاواٹ سے بڑھ کر 9ہزار 389میگاواٹ ہوچکی ہے۔ توقع ہے کہ اس سال دریاؤں میں پانی کی زیادہ آمد، آبی ذخائر میں پانی کی بلند سطح اور ارسا کی جانب سے صوبوں کی ضروریات کے مطابق آبی ذخائر سے پانی کے اخراج کی بدولت رواں سال پن بجلی کی پیداوار میں مزید اضافہ ہوگا اور یہ 8ہزار میگاواٹ سے بھی بڑھ سکتی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ واپڈا کے مجموعی طور پر 22پن بجلی گھرہیں، جو نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاً31ارب یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرتے ہیں۔ پن بجلی کی یہ پیداوار ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے اور سستی ترین بجلی ہونے کی وجہ سے صارفین کے لئے بجلی کے نرخوں کو کم سطح پر رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

wapda power dam tarbela4th extention power house


شیئر کریں: