Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول گلگت کے طلبأ نےعلم دوست موبائل اپلِکیشن بنا کر ریکارڈ قائم کیا

Posted on
شیئر کریں:

گلگت( چترال ٹائمز رپورٹ)آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول گلگت کے سال اوّل اور دوئم کے طلبا ٔ نےTechscape Pvt. Ltd اور قراقرم انٹر نیشنل یو نیورسٹی گلگت بلتستان کے زیر انتظام و انصرام ہونے والی ایک سائنسی نمائش میں گلگت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دنیا کے تمام موبائل صارفین کےلئے ڈیجٹل اپلِکیشن (Smart Study and EZY) بنا کرسائنسی نمائش کے مقابلےمیں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرکے گلگت بلتستان کا سر فخر سے بلند کیاہے۔ پہلی پوزیشن اور دوسری پوزیشن پر آنے والے طلبأ کو Accelerate prosperity کی طرف سے بلترتیب مبلغ ایک لاکھ اور پچھتر ہزار روپے کیش انعامات سے نوازا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کمپیوٹرسائنس کے دنیا میں پاکستان کی مشہور ڈیجٹل کمپنی TechScape Pvt. Ltd نےAccelerate Prosperity اور US Embassyکی مالی اعانت سے طلبہ کی علمی و سائنسی صلاحیتوں کو اُجاگر کرکے انہیں پروان چڑھانے کے حوالے سے ایک تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا تھا اس تربیت میں گلگت بلتستان کے تین اضلاع ، گلگ خاص، ہنزہ اور غذر کے سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں سے 140 طلبأ و طالبات نے شرکت کی تھی جن میں سے 37 طلبأ و طالبات پر مشتمل 12 گروہوں کے پروجیکٹس کو آخری نمائش کے لئے چنا گیا تھا ۔ اس تاریخی نمائش کا انعقاد پچھلے دنوں قراقرم انٹر نشنل یونیورسٹی کے ہال میں ہواجس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنےوالے افراد کےعلاوہ Ignite-National Technology Fund کے چیف ایگزیکٹیو جناب یوسف حسین ، قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عطاؤللہ شاہ اور Accelerate prosperity Pakistan کے کنٹری ڈائریکٹر عمران شمس کے علاوہ طلبأ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

ڈیجٹل سائنس کے اس نمائشی مقابلے میں آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول گلگت کے طلبأ نے پہلی اور دوسری پوزیشن اپنے نام کر کے ایک تاریخ رقم کی ۔ اطلاعات کے مطابق پہلی پوزیشن پر آنے والے پروجیکٹApplication EZY کے نو عمر سائنس دان، سید نجم الحسن اور راشد جان آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول گلگت سال دوئم نے اپنی نئی ایجاد کے مختلف مراحل پر شرکأ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موبائل کی یہ اپلِکیشن علم و ہنر کے میدان میں اپنے طرز کی پہلی جدید اپلِکیشن ہے جو کہ دنیا بھر میں طلبہ کو ملازمت ڈھونڈنے کے ضمن میں ممدو معاون ثابت ہوگی ۔
ڈیجٹل نمائش میں دوسرے نمبر پر آنے والے طلبا ٔ احد علی بیگ ، ریحان علی ،حسن ذولفقار اور مہران دانش آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول گلگت سال اوّل نے اپنے پروجیکٹ Smart Study پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے تمام امتحانی بورڈ کے پرچوں کے علاوہ تدریسی مواد کے حصول میں آسانی پیدا ہوگی جس کی مدد سے ہر قسم کا علمی مواد اپنے موبائل کو استعمال کرتے ہوئے گھر بیٹھے حاصل کیا جاسکے گا ۔
تیسری پوزیشن اُسوہ پبلک سکول گانیش ہنزہ کے طلبأ شمس تبریز اور احسان رضا نےRGS Games پروجیکٹ کی کامیاب نمائش پر حاصل کی۔
آغا خان ہائیر سیکنڈر سکول گلگت کے طلبا ٔ نے سائنس کی دنیا میں اس شاندار کامیابی کو آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول کے اساتذہ کی مرہون منت قرار دیا اورآغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان اور خصوصی طور پر گلگت بلتسان کی،علم کے میدان میں، پُرخلوص قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے کہا کہ علاقے میں تمام آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول ادارے کے اعلیٰ حکام کی خاص توجہ کا مرکز رہے ہیں ۔ تعلیم اور علم ہنر کے اعتبار سے ان سکولوں کو ہر قسم کی جدید سہولیات میسر ہیں ۔ ان سکولوں کی امتیازی خصوصیت یہ ہے کہ اِن سے ملحق سائنسی تجربہ گاہیں جدید سائنسی آلات سے لیس ہیں جس کی بدولت طلبأ سائنس کے میدان میں ہر طرح کے سائنسی تجربات بہ آسانی کر سکتے ہیں یہی نہیں بلکہ ان سکولوں کے طلبا ٔ کی ذہی استعداد کار اور قابلیت کے مطابق جدید خطوط پر اُن کی تربیت کی جاتی ہے ہماری حالیہ شاندار کامیابی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں وہ ایسے موبائل اپلِکیشن بنائیں گے جس سے انٹرنیٹ کی کمزور سگنلز کو طاقتور بنانے میں کامیابی حاصل کی جا سکے گی ۔
akhss gilgit students distinctions 2

akhss gilgit students distinctions 3

akhss gilgit students distinctions 4


شیئر کریں: