Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت نے کامیاب ریشنلائزیشن پالیسی کے تحت 85 ارب روپے کی بچت ممکن بنائی..وزیراعلیٰ‌

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے کامیاب ریشنلائزیشن پالیسی کے تحت 85 ارب روپے بچت کر کے صوبے کی تاریخ میں سب سے بڑے ترقیاتی بجٹ کی منظوری ممکن بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے ریشنلائزیشن کے تحت رواں سال کم و بیش 16 کروڑ روپے کی بچت ممکن بنا کر صوبے کے دیگر محکموں کے لیے ایک مثال قائم کی جس کے بدولت قبائلی اضلاع کے علاوہ صوبے کا ترقیاتی بجٹ پچھلے سال کے 180 ارب روپے سے بڑھ کر 236 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے قبائلی اضلاع کے ترقیاتی بجٹ کو بھی پچھلے سال کے 24 ارب سے بڑھا کر 83 ارب روپے کر دیا گیا ہے جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ قبائلی اضلاع سمیت پورے صوبے کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنا فلاحی ریاست کے قیام کی طرف ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت کی گڈ گورننس سٹریٹجی کے تحت صوبے بھر میں نچلی سطح پر اصلاحات متعارف کروائیں ہیں جس سے نہ صرف عوامی مسائل اور مشکلات ان کی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں بلکہ کلین اینڈ گرین مہم اور پولی تھین بیگز کے خاتمے جیسے اہم اقدامات سے ماحولیاتی ترقی بھی ممکن ہو رہی ہے۔ وزیراعلی نے کہا ہے کہ حکومت قبائلی اضلاع کی تیر تر ترقی کے ساتھ ساتھ صوبے کو سیاحتی مرکز بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا باب شروع ہونے جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پختون قوم کئی دہائیوں تک دہشتگردی اور بدامنی کا شکار رہی ہے جس کی وجہ سے ترقی کا عمل منجمد ہو کر رہ گیا تھا تاہم پاک فوج اور قوم کی قربانیوں کی بدولت ہم دہشتگردی کی دلدل سے نکل چکے ہیں اور اب ہمارے سامنے ترقی اور خوشحالی کے بے شمار مواقع میسر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امن کے تسلسل اور کرپشن کے خاتمے کے لیے پوری قوم ایک ہو کر سیسہ پلائی دیوار بنیں تاکہ ترقی اور خوشحالی کے اس سفر کو جاری رکھا جائے۔ وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کبھی بھی قومی مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا اور سیاست سے بالاتر ہوکر اصولوں کو ترجیح دی۔ انھوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام نے تحریک انصاف کودوبارہ مینڈیٹ دیا ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت ایک فلاحی ریاست کے قیام کے لیے جدو جہد کر رہی ہے۔ محمود خان نے کہا کہ ہماری کارکردگی ہمارے وژن اور منشور کی عکاس ہے ہم نے عوامی توقعات کےمطابق نظام کی اصلاح کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں انکے مثبت نتائج عوام محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام جیسا بھی ہو اشرافیہ کو کوئی فرق نہیں پڑتا، مسئلہ عام آدمی کا ہے جو ماضی کے کرپٹ نظام کی چکی میں پستا چلاآرہا تھا۔ تحریک انصاف عام آدمی کی آواز بن کرابھری اور اسکی فلاح کیلئے عملی جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے تحریک انصاف آج عوامی حلقوں میں مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔
<><><><><>

……………………………….
پاکستان سٹاک ایکسچینج(PSX) خیبرپختونخوا میں جلد اپنا نمائندہ دفتر (برانچ) قائم کریگا….وزیراعلیٰ
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) پاکستان سٹاک ایکسچینج(PSX) خیبرپختونخوا میں جلد اپنا نمائندہ دفتر (برانچ) قائم کریگا، جو خیبرپختونخوا میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے انٹرپرائزز کی فہرست سازی اور سرمایہ کاری کیلئے کانفرنسز کے انعقاد میں سہولت فراہم کریگاجن میں صوبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں پرتوجہ مرکوز کی جائیگی۔ اس امر کا انکشاف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کے چیئرمین سلیمان ایس مہدی کے مابین ملاقات کے دوران کیا گیا ۔ سلیمان ایس مہدی کی سربراہی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کے نمائندہ وفد نے پختونخوا ہاو ¿س اسلام آباد میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع اور امکانات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی گونگ تقریب میں شرکت کیلئے بھی رضامندی ظاہر کی ۔ خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ کے فروری میں دورہ کراچی کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج نے گونگ تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی ۔ ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کیپیٹل مارکیٹ کے ذریعے کاروبار کےلئے وسائل میں اضافہ سے متعلق متعدد امور زیر بحث آئے ، خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کی استعداد کو سامنے رکھتے ہوئے صوبے میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کے نمائندہ دفتر کے قیام کے امکانات کے لئے تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کے وفد نے مذکورہ دفتر کے قیام کے لئے آمادگی ظاہر کی۔اس موقع پر وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی استعداد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع موجود ہےں جن کیلئے ایک واضح سمت کی ضرورت ہے ۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج نے صوبے میں سرماریہ کاری کے فروغ اور کاروبار کی ترقی کے لئے معاونت میں دلچسپی ظاہر کی ۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ انکی حکومت صوبے میں تمام سرمایہ کاروں کو بھر پور تعاون فراہم کرے گی اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔ چیئرمین پاکستان سٹاک ایکسچینج نے بتایا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی سطح پر سمال میڈیم انٹر پرائز بورڈ قائم کر دیا گیا ہے جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی فہرست سازی کیلئے آسان شرائط پیش کرتا ہے ۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں اچھی استعداد رکھنے والی کمپنیوں کی نشاندہی میں تعاون کی درخواست کی ، اس موقع پر پاکستان سٹاک ایکسچینج کیساتھ ایک معاہدہ بھی طے پایا جس کے تحت آنے والے ایام میں پاکستان سٹاک ایکسچینج خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کانفرنسز کے انعقاد میں سہولت فراہم کریگا ۔


شیئر کریں: