Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے8430.744 ملین روپے لاگت کے 19 پراجیکٹس کی منظوردیدی

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (PDWP)نے8430.744 ملین روپے لاگت کے 19 پراجیکٹس کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت منعقد ہ پی ڈی ڈبلیو پی کے ایک اجلاس میں دی گئی۔ جس میں محکمہ منصوبہ سازی و ترقی کے سیکرٹری عاطف رحمان، پی ڈی ڈبلیو پی کے ممبران،پلاننگ کمیشن کے نمائندوں، متعلقہ محکموں اور ضم شدہ نئے اضلاع کے ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے اور ضم شدہ علاقوں کی ترقی کے لیے مختلف شعبوں بشمول پانی،کھیل و سیاحت،زراعت، ڈبلیو ایس ایس، سڑکوں اور پلوں، کثیر شعبہ جاتی ترقی اور صحت کے شعبوں سے متعلق 20 پروجیکٹس پر تفصیلی غور و خوص کے بعد 19منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ جبکہ ایک پروجیکٹ کو موخر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پانی کے شعبے کے پروجیکٹس میں ضلع چارسدہ میں ڈسٹی نمبر6 کے ہمراہ سڑک کی اتمانزئی روڈ کراسنگ سے موٹروے انٹرچینج بشمول نکاسی نظام کی شاخیں /مائنر اور ضلع چارسدہ میں دیگر کینال پیٹرول روڈ اور نکاسی کے نالوں کی تعمیر ضلع ایبٹ آباد میں چمک میرا ڈیم کی تعمیر اور ضلع دیر پائین میں صنم ڈیم پروجیکٹ کی تعمیر کی منظوریاں دی گئیں جبکہ کھیل و سیاحت کے منظور شدہ پروجیکٹ میں “سابقہ فاٹا میں سیاحتی سہولت مراکز(TFC)،ریسٹ ایریاز انسٹرکشنل اور فزیکل ٹریننگ پروگرام” شامل ہیں۔ اسی طرح اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں خیبرپختونخوا کے سرکاری کالجوں کے لئے فرنیچر اور آلات کی خریداری اور زراعت کے شعبے میں خیبرپختونخوا میں زیتون کے پچاس لاکھ پودوں کی شجرکاری اور ماڈل فارم سنگ بھٹی کی دیکھ بھال کے پروجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ ڈی ڈبلیو ایس ایس کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں ضلع کرم میں ڈی ڈبلیو ایس ایس کی تعمیر اور شمسی توانائی پر منتقلی، جنوبی ضم شدہ اضلاع میں گریویٹی بیسڈ ڈی ڈبلیو ایس ایس کی تعمیر اور ضلع دیر بالا حلقہ پی کے 91 میں ڈبلیو ایس ایس سکیم اور ڈسٹری بیوشن کے کام شامل ہیں۔ سڑکوں کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں قبائلی اضلاع میں موجود بڑی سڑکوں پر پلوں کی تعمیر، بنوں میں کنگر پل تا نرمی خیل (15کلومیٹر) سڑک کی بحالی اور دوبارہ تعمیر کے منصوبے اور شہری ترقی کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں خیبرپختونخوا میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے لئے سٹی اسٹریٹیجک ڈیویلپمنٹ پلان اور اربن پالیسی یونٹ کے قیام کے منصوبے شامل ہیں۔ جبکہ صحت کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں شولام جنوبی وزیرستان ماڈل ہسپتال کو فعال بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی منظوری شامل ہے۔یس کے علاوہ کثیر شعبہ جاتی ترقی کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں کنٹریکٹرز کے واجبات اور غیر کیش شدہ چیکوں کی فراہمی،کابینہ اور اسکروٹنی کمیٹی جس کی سربراہی سیکرٹری محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کر رہے تھے کی جانب سے ضمنی گرانٹ کے ذریعے سالانہ ترقیاتی پروگرام -18 2017 کے تحت منظور کردہ کئی شعبوں اور منصوبوں کے زیرالتواء واجبات،مالندری فٹ پہاڑ سے معصوم بابا ٹاپ(نو کلومیٹر) سڑک کی بہتری/ تعمیر اور پختہ بنانے، ضلع مردان میں کاٹلنگ روڈ تا چیچڑ(14 کلومیٹر)سڑک کی بہتری اور بحالی، خیبرپختونخوا کے لئے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سپورٹ اور سوات کے عسکریت پسندی سے متاثرہ پسماندہ علاقوں کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کی منظوری کے پراجکٹ شامل ہیں۔


شیئر کریں: