Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آل گورنمنٹ ایمپلائز کوارڈینیشن کونسل کا ظالمانہ ٹیکس لاگو کرنے کے خلاف میدان میں اترنے کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) آل گورنمنٹ ایمپلائز کوارڈینیشن کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس کونسل کے صدر امیر الملک کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اس امرکا اعادہ کیا گیا کہ کونسل کی صوبائی اور مرکزی قیادت کی کال پر لبیک کہتے ہوئے وہ حالیہ بجٹ میں ملازمین پر ظالمانہ ٹیکس لاگو کرنے کے خلاف میدان میں اتریں گے جوکہ ان کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے جبکہ مرکزی حکومت نے اپنے وعدے سے انحراف کرکے حالیہ بجٹ میں تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ نہیں کیا بلکہ ٹیکس بھی عائد کردی جس سے ملازمین میں کھلبلی مچ گئی ہے۔انہوں نے ٹائم اسکیل پروموشن کے حوالے سے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے ملازمین کے ریٹائرمنٹ میں عمر کی بالائی حد میں اضافے کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اس سے ملازمین کی ترقی کی راہیں مسدود ہوکر رہ جائیں گے اور یہ ملازمین کے لئے ایک اور سنگین مسئلہ بن جائے گا۔ کوارڈینیشن کونسل کے رہنماؤں نے پشاور میں مختلف محکمہ جات کے ڈائرکٹوریٹ میں افسران اور ماتحت عملے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ چترال جیسے دور افتادہ علاقوں کے ملازمیں کی پروموشن کو کیسز کو ڈیل کرنے میں غیرمعمولی تاخیر برتی جارہی ہے جوکہ ناقابل قبول ہے جبکہ رولز کے مطابق ویکنسی کی دستیابی کے پانچ ماہ کے اندر اندر نچلے گریڈ کے ملازم کو پروموٹ کیا جانا چاہئے۔ اس موقع پر آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے مظفر الدین،نرسنگ ایسوسی ایشن کے شیر گلاب، جنرل سیکرٹری ایپکا عتیق الرحمن، آفس سیکرٹری یعقوب نظار، کلاس فور یونین کے محمد قاسم، کلاس فور یونین ڈسٹرکٹ ہسپتال کے محمد الیاس، لوکل گورنمنٹ کے آفتاب عالم، یانگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر ضیاء اللہ، پٹواری یونین کے قادر امان اور واپڈ ا کے جہانگیر خان موجود تھے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
23277