Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

دریاؤں میں گند پھینکنے سمیت غیر قانونی تعمیرات اور پلاسٹک شاپنگ بیگ پر پابندی عائد،

Posted on
شیئر کریں:

سینئر وزیر عاطف خان اور شہرام ترکئی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ۔
خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا،سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان
تمام ٹی ایم ایز سیاحتی مقامات پر صفائی کی صورتحال یقینی بنائیں،وزیر بلدیات شہرام ترکئی۔
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبر پختونخوا حکومت نے سیاحتی مقامات پر دریاؤں میں گند پھینکنے اور دریاؤں کے کناروں پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات فوری طور پر روکنے سمیت پہلے سے موجود غیر قانونی تعمیرات گرانے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ سینئر وزیر برائے سیاحت، ثقافت و امور نوجوانان عاطف خان اور وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت سیاحتی مقامات کے ڈپٹی کمشنرز اور ٹی ایم اوز کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری سیاحت،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سوات، دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور چترال کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ اور ٹی ایم اوز نے شرکت کی۔سینئر وزیر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ سیاحتی مقامات پر موجود ہوٹلوں کو دریاوں میں گند پھینکنے سے فوری طور پر روک دیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں کو سیل کرنے سمیت بھاری جرمانے بھی عائدکئے جائے۔سینئر وزیر نے سختی سے ہدایت کی کہ دریاؤں کے کنارے غیر قانونی تعمیرات فوری طور پر روک دی جائیں اور دریاؤں کے کنارے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیاجائے۔صوبائی وزیر سیاحت نے ضلعی انتظامیہ کو سیاحتی مقامات پر پیراگلائڈنگ،زپ لائننگ،چئیر لفٹ اور شیشے کے پل بنانے کے لئے جگہوں کی نشاندہی کی بھی ہدایت کی۔سینئر وزیر نے کہا کہ دیر کی ضلعی انتظامیہ کمراٹ تک روڈ سمیت دیگر سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور سہولیات کے لئے ترجیحات سے آگاہ کرے۔اس موقع پر وزیر بلدیات شہرام خان نے تمام سیاحتی مقامات پر پلاسٹک شاپنگ بیگز کا استعمال روکنے کے لئے ٹی ایم اوز کو فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز سیاحتی مقامات پر صفائی کے لئے عارضی طور پر اضافی اہلکار تعینات کریں۔ جبکہ تمام ٹی ایم ایز سیاحتی سیزن کے دوران صفائی کی صورتحال یقینی بنائیں۔وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ ناران اور کالام کے ہوٹل مالکان کے ساتھ مشاورت کر کے ایک مخصوص وقت پر روزانہ کچرا اٹھایا جائے۔ اسکے علاوہ ہوٹلوں کے کرایے اعتدال پر رکھنے کے لئے سہولیات کے حساب سے درجہ بندی سمیت جھیل سیف الملوک کی صفائی کے لئے خصوصی ٹیم بھی بھجوائی جائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
22845