Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

لوکل گورنمنٹ ودیگر محکموں میں تعمیراتی کمپنیوں کی آن لائن پورٹل پرانلسٹمنٹ پرغورشروع

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبرپختونخوا حکومت نے لوکل گورنمنٹ اور دیگر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹس میں تعمیراتی کمپنیوں کی آن لائن انلسٹمنٹ کو سنٹرلائزڈ طریقہ کار پر ڈالنے کیلئے غور شروع کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد انلسٹمنٹ یا رجسٹریشن کے طریقے کار کو آسان بنانا ہے جہاں پر تمام محکمہ جات کے لیے ایک پورٹل پر انلسٹمنٹ کی سہولت دستیاب ہو گی۔ اس حوالے سے منگل کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بشیراحمد، ڈیٹابیس ایڈمنسٹریٹر لوکل کونسل بورڈ شہاب خان، پی ایم آر یو کے ڈپٹی کوارڈی نیٹر ڈاکٹر عاطف اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر اجلاس میں بتایا گیا کہ مجوزہ آن لائن پورٹل کے ذریعے تمام متعلقہ محکمہ جات میں ترقیاتی کاموں کے لئے رجسٹریشن کرنے والی کمپنیوں کی انلسٹمنٹ کا طریقہ کار پہلے فیز میں اپنایا جائے گا جبکہ بعد میں ای بڈنگ اور دیگر درکار مرا حل کو بھی اس نظام پر ڈالا جائے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ انلسٹمنٹ کے زمرے میں لوکل کونسل بورڈ اور دیگر محکموں کے ریونیو کو اپنے اپنے محکموں کو بھیجا جائے گا جس سے کسی بھی ڈیپارٹمنٹ کے ریونیوکو متاثر ہونے کا کوئی ابہام باقی نہیں رہے گا۔پورٹل پر انلسٹمنٹ کی سہولت سٹیزن فیسیلیٹیشن سینٹرز پر بھی دستیاب ہو گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا تھا کہease of doing business یعنی صوبے میں سرمایہ کاری اور کاروبار میں کمپنیوں کو آسانیاں پیدا کرنے کے سلسلے میں تمام محکموں کے لیے ایک آن لائن پورٹل نظام کا قیام ایک اہم پیش رفت ہوگی اور اس کے ذریعے ان اعداد و شمار کا واضح طور پر اندازہ ہو سکے گا کہ حکومت نے کتنی تعمیراتی کمپنیوں کو بزنس مواقع فراہم کئے ہیں اور اس سے کتنے لوگوں کو روزگار فراہم کیا گیاہے۔انہوں نے اس موقع پر اس منصوبے پر مزید کام کرنے کے لیے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور لوکل کونسل بورڈ کے سیکرٹریز،آئی ٹی بورڈ کیپرا اور پی ایم آر یو کے حکام کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس مجوزہ منصوبے پر مزید عملدرآمد کیا جائے۔اس موقع پر اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ پشاور میں لوکل گورنمنٹ کے ٹاؤنز میں ٹی ایم ایز کی پراپرٹی اور ٹریڈ ٹیکس کے حصول کو ایک واضح اور شفاف نظام پر ڈالا جائے اور ریونیو ڈیٹا کو اکٹھا کرنے کے لئے محفوظ و آن لائن طریقہ وضع کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
22490