Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صحت انصاف کارڈ کی بدولت خیبرپختونخوا میں پہلے کڈنی ٹرانسپلانٹ کا کامیاب آپریشن

Posted on
شیئر کریں:

یہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی طرف پہلا قدم ہے، بہت جلد صوبے کے ہر مستحق خاندان کو مفت علاج مہیا ہوگا۔ وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )‌ صحت انصاف کارڈ کی بدولت خیبر پختون خوا میں 28 سالہ مریضہ سیرت نگر کا کامیاب کڈنی ٹرانسپلانٹ نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال حیات آباد پشاور میں ڈاکٹر آصف ملک اور ڈاکٹر سرتاج عالَم کی نگرانی میں کیا گیا۔ مریضہ دو سال سے کڈنی کے مرض میں مبتلا تھی اور بیشتر کڈنی ڈائلسز کے بعد ڈاکٹرز نے کڈنی ٹرانسپلانٹ تجویز کیا تھا۔ اس موقع پر مریضہ کے لواحقین کا کہنا تھا کہ وہ ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور اور اس علاج کا خرچہ وہ برداشت نہیں کر سکتے تھے لیکن حکومت خیبر پختونخوااور وزیراعظم عمران خان کی بدولت آج ان کی مریضہ کی زندگی محفوظ ہے اور وہ بہت شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر وزیر صحت کا کہنا تھا کہ عوام کو مفت اور اعلی علاج دینے کا وعدہ پورا کیا اور یہ اس نیک کام کی شروعات ہے اور ہماری کوشش ہے کہ صحت انصاف کارڈ کی بدولت بہت جلد صوبے کے ہر مستحق خاندان کو علاج کی بہتر سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پر مہیا ہوں۔ صحت انصاف کارڈ کی بدولت یہ پہلا کڈنی ٹرانسپلانٹ تھا اور انشاء اللہ بہت جلد یہ علاج صوبے کے تمام مستحق مریضوں کے لئے مہیا ہوگا۔ وزیر صحت نے انصاف کارڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض تنولی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انھیں عوامی خدمت کے جذبے کو جاری رکھنے کی ہدایت کی۔


شیئر کریں: