
کمشنر ملاکنڈ کی عید آمد پر اسلحہ کھلونوں کی خریدوفروخت پر پابندی سختی سے نافذ کرنیکی ہدایت
سوات(چترال ٹائمزرپورٹ )کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر ڈویژن بھر میں اسلحہ کھلونوں کی خریدوفروخت پر عائد پابندی کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت کردی ہے پابندی ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی ہے کمشنر ملاکنڈ نے اس ضمن میں واضح کیا ہے کہ پلاسٹک یا فاسفورس و سلفر گولیوں والے ان اسلحہ کھلونوں کی وجہ سے شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعات سامنے آنے کے علاوہ اسکا استعمال بچوں کو شدت پسندی کی طرف بھی راغب کرتا ہے ملاکنڈ ڈویژن میں دیرپا قیام امن کیلئے عید جیسے پرمسرت اور مقدس تہوار پر اس کی خرید و فروخت پر پابندی ناگزیر ہے اس کے علاوہ ڈویژن بھر میں اسلحہ کھلونوں کے داخلے اور منتقلی پر پابندی ہوگی جبکہ چائنہ پٹاخوں کی خرید و فروخت کی بھی ممانعت ہو گی کمشنر ملاکنڈ کی اس خصوصی ہدایت پر ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے نوٹیفیکیشن جاری کردیئے ہیں جن کا اطلاق عید کے تینوں ایام سمیت تیس روز تک موثر ہوگا۔