
وزیر اعلی نے محکمہ تعلیم کی ای ٹرانسفر پالیسی کی باقاعدہ منظوری دیدی
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے محکمہ تعلیم کی ای ٹرانسفر پالیسی کی باقاعدہ منظوری دیدی۔ای ٹرانسفر پالیسی کے حوالے سے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ محکمہ تعلیم میں اب تک تمام بھرتیا ں میرٹ پرہورہی تھیں اوراب محکمہ تعلیم نے تبادلے بھی کارکردگی کی بنیاد پر بنادیے ہیں جس کی وجہ سے جہاں میرٹ کی سربلندی کو دوام ملے گا وہاں پراساتذہ کی کارکردگی میں واضح فرق بھی محسوس ہوگا جبکہ ای ٹرانسفر پالیسی کے آن لائن نظام کی وجہ سے اساتذہ اوردفتری عملے بشمول طلباء کا قیمتی وقت بھی ضائع ہونے سے بچ سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ ای ٹرانسفر پالیسی کیلئے آن لائن ایپلی کیشن پرکام جاری ہے اور ایک ہفتے کے اندر اندر یہ ایپلی کیشن پورے صوبے کے تمام اضلاع میں بیک وقت لانچ ہوجائے گی۔ مشیر تعلیم نے مزید کہاکہ محکمہ تعلیم سال میں صرف ایک مرتبہ خالی پوسٹوں پر تبادلوں کیلئے درخواستیں طلب کرے گی امیدواران مقررہ وقت کے اندراندر آن لائن درخواست دیں گے اور متعلقہ رپورٹنگ آفیسرسے دستخط کرواکر درخواست کی کاپی متعلقہ دفترمیں جمع کرائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہر درخواست گزار کو مقرر کردہ انڈیکیٹرز کے ذریعے پتہ ہوگا کہ تبادلے کیلئے اس کے کتنے نمبرز ہوں گے۔ ای ٹرانسفرپالیسی اور مقرر کردہ انڈیکیٹرز کے حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے ضیاء اللہ خان بنگش نے مزیدبتایاکہ تبادلے اور تعیناتیاں صرف مقررہ قوائد و ضوابط کے تحت ہوں گی۔ جن کے مطابق
تبادلے سال میں صرف ایک مرتبہ اور تعلیمی سال کے ابتداء میں ہوں گے۔
تبادلے صرف خالی شدہ پوسٹوں پر ہوں گے۔
ضلعی کیڈرکی آسامیاں ناقابل تبادلہ ہوں گی کیونکہ اس کی وجہ سے حکومت کی میرٹ پالیسی کے مثبت اثرات زائل ہوجاتے ہیں۔
سپاؤس پالیسی(ازدواجی پالیسی) کم ترقی والے علاقوں کے فائدہ میں عمل میں لائی جائیگی تاکہ ان علاقوں میں بھی ترقی کا عمل پروان چڑھے۔ مگر یہ پالیسی اس ضلع کے مستقل باشندہ گان کی ایڈجسٹمنٹ کے بعد عمل میں لائی جائیگی۔
تبادلے کے خواہش مندملازمین اپنی کارکردگی اورمحکمے کی طرف سے مقرر کردہ انڈیکیٹرز کے مطابق بذریعہ محکمانہ توسط (تھرو پراپرچینل) اپلائی کریں گے۔ سیاسی اثررسوخ استعمال کرنے والے ملازمین کے خلاف E&D رولز کے تحت کارروائی ہوگی۔
تبادلوں اور تعیناتی کیلئے درج ذیل انڈیکٹرز مقررکئے گئے ہیں۔
الف۔ اساتذہ کی حاضری۔10 نمبرز
ب۔ طلبہ حاضری۔10نمبرز
ج۔ طلبہ اور اساتذہ کی شرح۔10 نمبرز
جس کی تفصیل کچھ اس طرح ہوگی۔
اگر کسی سکول میں فی استاد کے حساب سے طلباء زیادہ ہو ں تو تبادلے کے عمل پر غور نہیں ہوگا اور استاد اسی سکول میں ڈیوٹی کرتارہے گا۔ تاہم اگر اساتذہ زیادہ اور طلباء کی تعداد حکومت کی طرف سے مقرر کردہ شرح سے کم ہو تو استاد کا تبادلہ ہوسکے گا۔
ہارڈایریا میں ملازمت کا دورانیہ۔10 نمبرز
ماہانہ ٹیسٹ۔10 نمبرز جس کی تفصیل اس طرح ہوگی کہ اساتذہ طلباء سے ماہانہ ٹیسٹ لیں گے جو کہ سال میں کل نو ٹیسٹ ہوں گے اور اس حساب سے ان کو نمبرز دیے جائیں گے۔
سالانہ نتائج کی فیصدی، اساتذہ کو میٹرک اور ایف۔اے، ایف۔ایس۔سی کے نتائج کی فیصدی کے حساب سے 10 نمبرز دیے جائیں گے۔
ہیڈماسٹراور پرنسپل کے تبادلوں کیلئے
الف۔ نتائج اور انتظامی ذمہ داری کیلئے 5 نمبرز
ب۔ بجٹ کے استعمال کیلئے 5 نمبرز جس کا ریکارڈ ڈائریکٹر مہیاکرے گا۔
میڈیکل بنیادوں پر تبادلے کے 12 نمبرز ہوں گے جوکہ صرف دائمی بیماری کی صورت میں ہوگی۔
باہمی تبادلے (میوچل ٹرانسفر) میٹرک اور ایف اے، ایف ایس سی کے نتائج کے مطابق ہوں گے۔ جوکہ (DEO ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز سے تصدیق شدہ ہوں۔
ریٹائرمنٹ/پنشن کے قریب اساتذہ کا تبادلہ
اگر کسی استاد کی پنشن/ریٹائرمنٹ میں ایک سال باقی ہو تو اس کا تبادلہ نہیں کیاجائیگا۔