Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سوات،مانسہرہ اور چترال سمیت تمام سیاحتی مقامات تک سڑکیں تعمیر کی جائینگی..عاطف خان

Posted on
شیئر کریں:

سینئر وزیر عاطف خان کی سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے نئی سکیم سے اصولی اتفاق۔
نئی سکیم کے تحت سڑکوں کی تعمیر پر ایک ارب روپے کی لاگت آئیگی۔
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر محمد عاطف خان نے سیاحتی مقامات تک تقریبا 100 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کی نئی سکیم سے اصولی اتفاق کیا۔
نئی سکیم پر ایک ارب روپے کی لاگت آئے گی جس میں سوات،مانسہرہ اور چترال سمیت تمام سیاحتی مقامات تک سڑکیں تعمیر کی جائینگی اسکے علاوہ 2 ارب روپے کی سکیم اگلے اے ڈی پی میں شامل کی جائیگی۔اس حوالے سے سینئر وزیر عاطف خان کی زیر صدارت ٹورازم کارپوریشن خیبر پختوخوا میں اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری سیاحت کامران خان،ایڈیشنل سیکرٹری بابر خان،ایم ڈی ٹورازم جنید خان سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ضم شدہ آضلاع کے دو مقامات کرمہ اور تیراہ میں سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے بھی تفصیلی غور ہوا۔سینئر وزیر نے بتایا کہ سیاحتی مقامات پر بنیادی انفراسٹرکچر کی سہولیات جلد ازجلد فراہم کرکے اُنہیں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنائیں گے۔انہوں نے سیزن کے دوران تمام سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی سمیت صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔سینئر وزیر نے محکمہ سیاحت کے حکام کومقامی سطح پر سیاحت کو فروغ دینے کی بھی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کی سطح پر بھی سیاحتی مقامات آباد کئے جائیں گے تاکہ مقامی سیاحوں کو بھی سیر و تفریح کے مواقع میسر ہوں۔ سینئر وزیر نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سیاحت کو فروغ دینے کیساتھ ساتھ مقامی سیاحت کو بھی فروغ دیا جائیگا۔


شیئر کریں: