Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت کا ماہ رمضان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کا عزم،

Posted on
شیئر کریں:

وزیر اعلیٰ محمود خان کا ضلعی انتظامیہ کو گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت۔
پشاور(چترال ٹائمزروپورٹ) وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف محض اعلانات تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام تر وسائل بروئے کار لاکر رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو سرکاری نرخ نامے کے مطابق کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مبارک مہینے میں عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کا فریضہ ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سمیت تمام صوبائی ایم پی اے اور وزراءکو ہدایت کی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے حلقوں میں بازاروں کے دورے یقینی بنائیں اور ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف باقاعدہ کاروائی کریں، تاکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو سرکاری نرخ نامے کے مطابق کیا جاسکے۔
ان احکامات کی ہدایت وزیراعلی نے رمضان پیکج کے حوالے سے وزیراعلی ہاوس پشاور میں ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا،وزیر خوراک قلندر لودھی، وزیراعلی کے مشیر برائے انڈسٹری عبدالکریم تورغر، چیف سیکرٹری محمد سلیم خان ،پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلی شہاب علی شاہ، سیکرٹری فنانس و دیگر اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر اعلی نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کی نشاندہی کرکے حکومت کا ساتھ دے کر اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔ اجلاس کو پورے صوبے میں رمضان پیکج کے حوالے سے کیے گئے انتظامات اور ضلعی انتظامیہ کے گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر ماہ رمضان کےلئے صوبہ بھر میں اب تک 107 سستے بازار قائم کیے جا چکے ہیں۔ پشاور میں 15، مردان میں 13، ملاکنڈ میں 27، ہزارہ میں 24، کوہاٹ میں 11،بنوں میں9 جبکہ ڈی آئی خان میں 8 سستہ بازار قائم کیے جا چکے ہیں۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد سلیم خان نے اجلاس کو بتایا کہ ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف گزشتہ ایک ہفتے سے کریک ڈاو ¿ن جاری ہے جس کے نتیجے میں 113 گودام سیل کیے جاچکے ہیں جبکہ26 گوداموں کے مالکان کو وارننگ دی جا چکی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے میں منافع خوروں پر کل 152000 ہزار روپے جرمانے عائد کیے جاچکے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ایم آر یو کے ذریعے آن لائن فوڈ پرائس کنٹرول نظام صوبے میں متعارف کیا گیا ہے جس کے ذریعے شہری روزانہ کی بنیاد پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے بارے معلومات حاصل کر سکتے ہیں جبکہ گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف شکایات بھی آن لائن درج کر سکتے ہیں۔شکایات کے ازالہ کے لیے متعلقہ آفیسر مقرر وقت میں شکایت پر فوری ایکشن لینے کا پابند ہوگا۔اس کے علاوہ پی ایم آر یو ہفتہ وار رپورٹ جنریٹ کرے گی جس سے متعلقہ پرائس مجسٹریٹ کے لئے طے شدہ کارکردگی کے محرکات کو جانچنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ علاوہ ازیں “کےپی انسپکشن موبائل ایپ” کے ذریعے پرائس مجسٹریٹ کی کارکردگی بھی جانچی جائے گی۔اسی طرح ضلعی سطح پر ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیاں نوٹیفائی کی گئی ہے جو پرائس ریویو میٹنگ کریں گی اور ہر ضلع بشمول سابقہ قبائلی اضلاع میں اشیائے خوردنوش کیلئے تازہ ریٹس مقرر کرے گی۔اسی طرح یہ مارکیٹ کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو بھی مانیٹر کرے گی۔جبکہ پرائس مجسٹریٹ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ معائنہ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کا موبائل ایپ پر درج شکایات کا ازالہ بھی کرے گی۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ کے پی سٹیزن پورٹل کے ذریعے تمام ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر پرائس لسٹ، پرائس فیکسیشن ماڈیول وغیرہ بھی اپ لوڈ کریں گے،اس ضمن میں تمام ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کل تفصیلی ہدایات جاری کریں گے۔ چیف سیکرٹری محمد سلیم خان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ ماہ رمضان میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف شکایات آن لائن اور فون کے ذریعے درج کی جایئں گی اور اس پر فوری ایکشن بھی لیا جائے گا۔ اسی طرح ضلعی انتظامیہ قیمتوں کا تعین صبح سویرے منڈیوں میں بولی لگنے کے بعد کرے گی جسکے لیے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ماہ رمضان کےلئے سستے بازاروں میں اشیائے خوردونوش مارکیٹ کے مقابلے میں سستے داموں پر فراہم کی جائیگی۔ اسی طرح سب ڈویژنل سطح پر مخیر حضرات کی مدد سے افطار دسترخوان بھی لگائے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں فلور ملز مالکان کے ساتھ مذاکرات بھی کامیاب ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے فلورملز مالکان نے آٹے کی قیمت میںکمی کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں جس کی بدولت رمضان المبارک میں بازاروں میں آنے والی گندم کی قیمتوں میں کمی ممکن ہوسکے گی۔وزیر اعلی نے بزنس کمیونٹی کی طرف سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ازخود کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ماہِ رمضان میں یہ انتظامی مہم بھرپور طریقے سے جاری رہنی چاہیے۔انھوں نے اشیائے خوردونوش کی صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں پر بھی بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ وہ ماہ رمضان میں تمام ڈویڑنل ہیڈکوارٹر کے اچانک دورے بھی کریں گے تاکہ اس انتظامی مہم کو کامیاب بنایا جا سکے اور عام آدمی کو مکمل ریلیف مل سکے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
21883