Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عالمی یوم آزادی صحافت اور معاصرصحافت ………….ڈاکٹر سیّد احمد قادری

شیئر کریں:

آج یعنی3 / مئی کوعالمی یوم آزادیئ صحافت ہے۔اس مناسبت سے آزادیئ صحافت اور ملک کی موجودہ صحافت سے متعلق چند باتیں پیش ہیں۔ ہم اس بات سے قطیئ انکار نہیں کر سکتے ہیں کہ عہد حاضر میں اخبارات اور ٹیلی ویژن نے جس طرح ہر گھر میں اپنی جگہ بنا لی ہے، اس سے اس کی روز بروز بڑھتی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔اسی مقبولیت، اہمیت اور افادیت کے پیش نظر آج کے دن کو اقوام متحدہ نے آزادیئ صحافت کے لئے مخصوص کیا ہے۔
صحافت، خواہ جس زبان کی ہو، اس کی اہمیت اور افادیت کو ہر زمانہ میں تسلیم کیا گیا ہے۔ ہماری سماجی، سیاسی، معاشرتی، تہذیبی اوراقتصادی زندگی پر جس شدّت کے ساتھ اس کے اثرات مثبت اورمنفی دونوں طریقے سے مرتسم ہوتے رہے ہیں۔اس کا بہر حال اعتراف تو کرنا ہی ہوگا۔صحافت ترسیل وابلاغ کا اتنا مؤثراور طاقتور ذریعہ ہے اورواقعات حاضرہ کی معلومات بہم پہنچانے کااتنا بہتر وسیلہ ہے کہ دنیا کے بڑے بڑے سماجی پیشوا، سیاسی رہنما اور مشاہیرادب نے نہ صرف اس کی بھرپور طاقت کے سامنے سرتسلیم خم کیا بلکہ اپنے افکار واظہار کی تشہیر کے لیے صحافت سے منسلک بھی رہے، تاریخ شاہد ہے کہ صحافت نے کتنے ہی ملکوں کے تختے پلٹ دئے، بڑے بڑے انقلابات کوجنم دیا، اورظالم حکمرانوں کے دانت کھٹّے کردیے۔ عالمی پیمانہ پر ایسے کئی مقام آئے، جب صحافت کی بے پناہ طاقت، اس کی عوامی مقبولیت اوراس کی تنقید سے خوف زدہ ہوکر اس پرپابندیاں عائد کی گئیں۔ صحافت نے جیسے جیسے بتدریج ترقی کی، ویسے ویسے اس کی مقبولیت، اہمیت اورافادیت بڑھتی گئی اورلوگوں کومتوجہ کرانے میں کامیاب بھی ہوتی گئی۔ اس طرح صحافت انسانی زندگی کا ایک اہم حصہ بن گئی۔صحافت کی ان خصوصیات اور انقلابی طاقت سے متاثر ہو کر کبھی اکبر الہ آبادی نے کہا تھا…..
کھینچو نہ کمانوں کو، نہ تلوار نکالو جب توپ،مقابل ہو تو اخبار نکالو
اس کا مطلب یہ ہوا کہ صحافت اتنی مؤثر اور طاقتورہے کہ اس کے سامنے تیر، کمان، بندوق اورتوپ کی بھی اس قدر اہمیت نہیں ہے۔ مندرجہ بالا شعر کہتے وقت اکبرؔ الٰہ آبادی کے ذہن میں یقینا تاریخ کے جانے مانے جرنیل اور اپنے عہد کے عظیم ڈکٹیٹر نیپولین بونا پاٹ کا یہ مشہورمقولہ رہا ہوگا، جس میں اس نے صحافت کی طاقت کے سامنے سرنگوں ہوتے ہوئے کہا تھا کہ:
” I fear three newspapers more than a hundred thousand bayonets”
یعنی’لاکھوں سنگینوں سے زیادہ میں تین اخبار سے خوف زدہ رہتا ہوں‘۔
نیپولین بوناپاٹ کا مندرجہ بالا خوف یقینی طورپر صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس نے ضرور اس بات کومحسوس کیا ہوگا کہ دشمن کی صفوں میں انتشاربرپا کرنے میں توپ اورتفنگ، لاؤ لشکر، تیر، تلوار کے ساتھ ساتھ ہاتھیوں، گھوڑوں اورفوجیوں کی بے پناہ طاقت، صحافت کے سامنے کند ہے۔ جو کام صحافت سے لیا جاسکتا ہے،وہ توپ اوربندوقوں سے بھی نہیں لیا جاسکتا۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے بڑے بڑے عظیم مفکر، دانشور، سربراہ، مصلح، سیاستداں اوررہنما اس کی اہمیت کے ہمیشہ معترف اورقائل رہے ہیں۔
لیکن جب صحافت پر سیاست حاوی ہونے لگی اور دنیا کے بڑے بڑے صنعت کار، دولت مند اور بعض ممالک کی حکومتیں، صحافت کی بے پناہ طاقت کا اپنے مفاد میں استعمال کرنے لگیں،تب ایسے حالات سے متاثر ہو کر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے
1991 ء کی اپنی 26ویں اجلاس میں منظور قرارداد کو نافذکرتے ہوئے 1993ء سے ہر سال 3 / مئی کو عالمی سطح پر یوم آزادیئ صحافت کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔ جس کے تحت صحافتی تحریروں پر پابندی لگانے، انھیں سنسر کرنے، جرمانہ عائد کرنے نیز صحافیوں کو زدوکوب کئے جانے، ان پر جا ن لیوا حملہ کئے جانے، انھیں اغوأ کئے جانے اور انھیں بے دردی سے قتل کئے جانے پر غور و فکر کرنے اور ان کے سدّباب کی کوششوں کے ساتھ ساتھ ایسے حالات سے نپٹنے، حکمت عملی تیار کئے جانے اورحکومت وقت کو انتباہ کئے جانے پر زور دیا گیا ہے۔
یونیسکو نے ایسے مقامی اور عالمی سطح کے اداروں، شعبوں، این جی اوز وغیرہ کوصحافتی حفاظت، آزادیئ صحافت اور ترقی ئ صحافت کے لئے مثبت اقدام اور اس ضمن میں غیرمعمومی خدمات کے لئے 1997 ء سے چودہ آزاد صحافیوں کی جیوری سمیت یونیسکو کے اسٹیٹ ممبران کی سفارش پر کولمبیا کے ایک اخبار El Espectador کے مقتول صحافی Guillermo cano isaza جو کہ 17 /دسمبر1986 ء کو کولمبیا کے ایک بہت بڑے اور دولت مندصنعت کار کے خلاف لکھنے کی پاداش میں ہلاک کر دیا گیا تھا، ان کے نام پر ایک باوقار ایوارڈ کا فیصلہ کیا گیا ، تاکہ نہ صرف جمہوریت کا استحکام اور اس کا افادی پہلو کا دائرہ وسیع ہوبلکہ مفاد عامّہ کے لئے صحافت اور صحافتی خدمات پر معمور صحافیوں کی اہمیت اور افادیت کو تسلیم کیا جائے کہ کس طرح نامساعد حالات میں عوامی مفاد کے لئے رائے عامّہ تیار کرتے ہیں۔
اس کے لئے 1سے3 مئی 2011 ء میں امریکہ کے واشنگٹن شہر میں عالمی یوم آزادیئ صحافت کا جلسہ بڑے پیمانہ پر انعقادکیا گیا اور اس موقع پر اکیسویں صدی کے میڈیا اور اس کی بنیادی آزادی پر کئی ممالک کے مندوبین نے بحث و مباحثہ میں حصّہ لیا تھا۔
لیکن افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ان تمام کوششوں کے باوجود دنیا کے بیشتر ممالک بشمول بھارت میں آزادیئ صحافت پر پہرے بٹھائے جانے، صحافیوں پر پُر تشدّد حملے اور قتل کے واقعات تیزی سے بڑھ ہیں۔ امریکی فریڈم ہاؤس کی جانب سے جاری ایک جائزہ کے مطابق گزشتہ سال 70 ممالک میں صحافتی آزادی، 61 ممالک میں جزوی طور پر اور 64 ممالک میں آزادیئ صحافت پر مکمل پابندی رہی۔ سوویت یونین، مشرق وسطیٰ اورشمالی افریقہ میں صحافت کی آزادی سلب رہی، جبکہ اسرائیل، اٹلی اور ہانگ کانگ میں ایران، لیبیا، شمالی کوریا، میانمار، روانڈا اور ترکماستان وغیرہ میں صحافت،اپنی آزادی کے لئے کراہتی رہی۔ آزادیئ صحافت یعنی Press freedomکے ضمن میں ایک سروے کی رپورٹ کے مطابق 2017 میں 180 ممالک میں ہمارا ملک بھارت تین پائدان نیچے گر اب136 ویں پائدان پر آ گیا ہے۔
آزادیئ صحافت کو جس طرح مختلف مما لک میں سلب کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں اور آئے دن جس طرح صحافیوں کو یرغمال بنا کر اور پھر انھیں جس بے دردی سے ہلاک کیا جا رہا ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے۔ کچھ عرصہ پہلے کی خبر ہے کہ افغانستان کے شہر کابل میں خودکش حملے میں دس صحافیوں کی موت ہو گئی ہے۔چندسال قبل بھی اسلامی مملکت کے جنگجوؤں کے ذریعہ لیبیائی ٹیلی ویژن کے لئے کام کرنے والے پانچ صحافیوں کو بہت بے دردی کے ساتھ قتل کر دئے جانے کی خبر منظر عام پر آئی تھی۔ مشہور صحافی جمال خشوگی کا جس رحمی سے استنبول کے سعودی قونصل خانہ میں قتل کیا گیا،اس خبر نے پوری دنیا کے صحافیوں کے تحفظ پر سوال کھڑے کر دئے ہیں۔ ایسی اندوہناک خبریں اب اکثر کئی ممالک کے مختلف حصوں سے آتی رہتی ہیں۔ جن کی جس قدر مذمّت کی جائے کم ہے۔
ہم اس امر سے ہم انکار نہیں کر سکتے ہیں کہ اظہار رائے کی آزادی اور انسانی حقوق کے الفاظ معاصر منظر نامے میں بے معنی اور بے وقعت ہوتے جا رہے ہیں۔ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، لیکن قلم اور کیمرے کو جس طرح جبر و تشدّد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اورآزادیئ صحافت اور اس کی آواز کو دبانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ وہ بہت ہی تشویشناک ہے۔ آج صورت حال یہ ہے کہ میڈیا پر ہی یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ میڈیا،حکومت پر مثبت تنقید کے بجائے الزام تراشیاں کر رہا ہے، جس کے باعث جمہوریت کمزور پڑ رہی ہے اور حکومت غلط راہوں پر جانے پر مجبور ہو رہی ہے۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ جمہوریت اور اس کے استحکام، سیکولرزم کے فروغ اور سماج کا رخ موڑنے میں صحافت نے جو رول ادا کیا ہے، انھیں فرا موش نہیں کیا جا سکتا ہے۔لیکن الزام تراشی کے گرم بازار کا ذکر کرنے والے خود صحافت پر کس قدر اوچھے اور نازیبا الزمات لگا رہے ہیں، وہ اسے بھول جاتے ہیں۔ ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں کہ بھارت کے مرکزی حکومت کے ایک وزیر اور سابق فوجی افسر کرنل وی کے سنگھ نے جن ناشائستہ اور بے ہودہ الفاظ میں ملک کی صحافت پر الزام لگایا ہے، وہ بہر حال قابل مذمّت ہے۔ دوسری جانب ہمارے ملک کے میڈیا کا یہ حال ہے کہ ان کے لئے تجوریوں کا مُنھ کھول دیا گیا ہے اور صحافت، تجارت بن گئی ہے۔ جسے”گودی میڈیا“کا نام دیا گیا ہے۔ بھارت میں اس وقت یہاں کا میڈیا خاص طور پرہندی نیوز چینل اور ہندی اخبارات سب سے زیادہ، صحافت کو بدنام کئے ہوئے ہیں۔ یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ یہ بدنام زمانہ میڈیا کارپوریٹ کے اشارے پر کام کرنے پر مجبور ہیں۔ اس وقت ملک میں اخبار اور صحافیوں کو پہلے دولت کی لالچ دی جاتی ہے، وہ تیار ہو گئے، تو ٹھیک، ورنہ انھیں قتل کرا دئے جانے سے بھی گریز نہیں کیا جاتا ہے یا پھر مختلف مقدمات میں پھنسا دیا جاتا ہے۔ گوری لنکیش کو خریدا نہیں جا سکا، تو انھیں گولیوں سے چھلنی کر دیا گیا اور بلاس پور کے ایک معروف صحافی کمل شکلا کو ایک کارٹون شیئر کرنے کی پاداش میں وطن سے غدّاری کا الزام کا کیس درج کیا گیا ہے۔ انجہانی جسٹس لویا کے قتل کے معاملے میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے خلاف مواخذہ تک کی نوٹس کی نوبت آ گئی، پھر اس موضوع پر لکھنے کے جرم میں مقدمہ کیوں درج کیا گیا؟ یہ سوال ہے کمل شکلا کا، انھوں نے اپنے ایک بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ ملک کے آدھے سے زیادہ میڈیا گھرانوں کو خرید کر جمہوریت کی ریڑھ توڑ دی گئی ہے۔ افسوس کہ ایسی آواز اب ملک کی چہار جانب سے اٹھنے لگی ہے۔ ملک کے اندر ہونے والے صحافیوں کے قتل پرپریس کونسل آف انڈیا کے سربراہ جسٹس سی کے پرساد نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ میڈیا کی آزادی کے لئے یہ کوئی اچھا شگون نہیں ہے۔ایک اندازے کے مطابق اس وقت دنیا بھر کے دو سو سے زیادہ صحافی مختلف ممالک کے جیلوں میں قید رہ مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔اس کا مطلب یہی ہوا کہ مختلف ممالک کی حکومت میڈیا کی آزادی سلب کرنے اور ان پر پہرے بٹھانے کی ہر ممکن کوششوں میں مصروف ہے۔پڑوسی ملک پاکستان کا بھی حال اچھا نہیں ہے۔ یہاں گزشتہ پانچ سال میں 26 صحافیوں کا قتل ہو چکا ہے، جن کے قاتل ابھی تک قانون کی گرفت سے باہر صرف اس لئے ہیں کہ انھیں سرکاری سرپرستی حاصل رہی ہے۔ ڈی ڈبلیو کے مطابق پاکستان کو دنیا بھر میں صحافیوں کے لئے خطرناک ترین ممالک میں ایک سمجھا جاتا ہے۔
لیکن ان سب کے باوجود مجھے خوشی ہے کہ آج بھی جبکہ دنیا کے بیشتر ممالک کی صحافت، صارفیت کے چنگل میں کراہ رہی ہے۔ پھر بھی کچھ واقعات کو چھوڑ کرصحافی اپنی پوری ذمّہ داری، غیر جانب داری، بے باکی، بلند حوصلہ اور جرأت مندی کے ساتھ جمہوریت اور اس کے استحکام کے ساتھ ساتھ انسانی اقدارو افکار کے لئے اپنے فرائض کو پوری ذمّہ داریوں کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ ایسے جرأت مند اور بے باک صحافیوں کے رہتے ہوئے، مجھے یقین ہے کہ صحافت کی جو اعلیٰ قدریں ہیں، وہ پامال نہیں ہونگیں اور ایسے کچھ صحافی جو وقتی منعفت کے لئے بھٹک یا بِک جاتے ہیں، وہ بھی صحافت کو تجارت تصور کرنے کی بجائے مشن کے طور پر قبول کرتے ہوئے صحافت کو عبادت کا درجہ دینگے۔آج کے یوم آزادیئ صحافت کے موقع پر ایسا محاسبہ ضرور ہونا چاہئے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
21781