موڑکہو، سرکاری گودام خالی، گندم ندارد، رمضان المبارک سے پہلے گندم پہنچانے کا مطالبہ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اٹھارہ ہزار آبادی کے سابق یونین کونسل موڑکھو میں وریجون کے مقام پر واقع محکمہ خوراک کا گودام مکمل طور پر خالی ہوگئی ہے جبکہ رمضان کی آمد آمد کی وجہ سے علاقے کے عوام شدید پریشانی و اضطراب میں مبتلا ہیں۔ جمعرات کے روز علاقے کے عمائیدیں نے چترال میں مقامی میڈیاکو علاقے کے سرکاری گودام میں رمضان المبارک کے موقع پر گندم کی عدم دستیابی پر پائی جانے والی پریشانی سے آگاہ کیااور کہاکہ بار بار محکمے کے ذمہ دار افسران کو درخواست دینے کے باوجود گزشتہ چھ ماہ سے ایک بوری گند م بھی یہاں نہیں لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ علاقے میں فوری طور پر گندم کی ترسیل نہیں ہوئی تو اس کے نتیجے علاقے میں قحط کی سی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔ انھوںنے بتایا کہ موڑکہو کے نزدیکی گوداموں اپرضلع کےہیڈ کوارٹر بونی اورکوراغ میںبھی صاف گندم دستیاب نہیں. جس کی وجہ سے علاقے کےعوام کو مشکلات کاسامنا ہے . انھوں نے رمضان المبارک سے پہلے علاقے میں گندم کی وافر سٹاک پہنچانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں روزہ داروںکو سڑکوںپر نکلنے پر مجبور نہ کیا جائے.
درین اثنا ء بعض ذرائع نے بتایا ہے کہ ضلع چترال میں محکمہ خورا ک کے 31گوداموں میں وریجون سمیت پانچ گوداموں کو گندم کی سپلائی مقامی طور پر نہیں ہوسکتی ہے جن کو براہ راست اضاخیل نوشہرہ سے گندم سپلائی ہوتی ہے جس کی منظوری صوبائی ڈائرکٹر دیتا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ گزشتہ سال دسمبر سے دو دفعہ صوبائی دفتر کو اس سلسلے میں مراسلے مقامی دفتر سے بھیجے گئے ہیں جن پرکوئی عمل نہیں ہوا ہے۔ جبکہ گندم کی عدم دستیابی اورفوری سپلائی کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر چترال نے بھی محکمہ فوڈ کو مراسلہ بھیجا ہوا ہے۔