Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ہسپتالوں کی نجکاری نہیں کررہے، ینگ ڈاکٹرزتبادلوں سے بچنے کیلئے ہڑتال کررہے ہیں، ڈاکٹرہشام

Posted on
شیئر کریں:

ڈاکٹری ایک عظیم پیشہ ہے عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بجائے ایک مسیحا کا کردار ادا کریں۔…صوبائی وزیرصحت
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کے ہم ینگ ڈاکٹرز حضرات سے بلیک میل نہیں ہونگے ڈاکٹر حضرات عوام کی صحت سے مت کھیلیں تمام ڈاکٹر حضرات پبلک سرونٹ ہیں اور تبادلے سروس کا حصہ ہیں ہم صرف اصلاحات لا رہے ہیں پہلے بھی کہا کوئی ڈاکٹر کسی ناظم یا چیئرمین کے زیر سایہ کام نہیں کرے گا نہ ہم کسی قسم کی نجکاری کررہے ہیں ڈاکٹر حضرات اگر ہسپتالوں میں ڈیوٹی نہیں کریں گے تو کیا ہسپتال ہم ریموٹ سے چلائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سیکرٹری محکمہ صحت ڈی جی محکمہ صحت، صوبے بھر کے تمام ڈی ایچ او نمیڈیکل سپریٹینڈنٹ، تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے ڈینز اور میڈیکل ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ صحت کے تمام اعلیٰ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں کہ غیر حاضر افسران کے خلاف سروس ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے تمام افسران کو یہ بھی ہدایات جاری کی گئیں کہ ڈاکٹر حضرات کو ایکٹ کے بارے میں بریفنگ دی جائے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم سیاست میں ہیں مگر پھر بھی سیاست نہیں کر رہے عوام کی خدمت کریں اور ڈاکٹر حضرات سیاست کر رہے ہیں اگر سیاست کرنی ہے تو نوکری چھوڑ دیں اور سیاست کو بطور پیشہ اپنا لیں۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ میں نے پہلے بھی ینگ ڈاکٹر حضرات کے تحفظات دور کیے تھے اور یقین دہانی کروائی تھی کہ ڈاکٹر حضرات کسی ناظم یا چیئرمین کے زیر سایہ کام نہیں کریں گے اور ہم کسی قسم کی نجکاری نہیں کررہے مگر ڈاکٹر حضرات صرف تبادلوں سے بچنے کے لیے یہ سارا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ڈاکٹر قانون کو ہاتھ میں لیگا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
………………………………………..
وزیر بلدیات خیبر پختونخوا کی پشاورمیں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بنانے کی ہدایت
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے ہدایت کی ہے کہ پشاور میں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بنائی جائے جسے بعدازاں صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جا سکے۔ یہ ہدایت انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں محکمہ بلدیات کے افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ظاہر شاہ، اسپیشل سیکرٹری فرح ثقلین، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضر حیات خان، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے عزیر خان اور دیگر سرکاری حکام کے علاوہ ورلڈ بینک کے نمائندہ امجد بشیر نے بھی شرکت کی اور بلڈنگ کنٹرول کے حوالے سے شرکائکو بریفنگ دی۔ اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ اس وقت پشاور میں تعمیرات یا نقشہ جات کی منظوری کے لیے ٹی ایم ایز، سٹی لوکل گورنمنٹ اور پی ڈی اے کے الگ الگ دفاتر کام کر رہے ہیں اور اس حوالے سے سب کے اپنے اپنے قواعد و ضوابط ہیں۔اجلاس میں تعمیرات سے متعلق آن لائن اور ون ونڈو آپریشن کے لیے اقدامات بھی زیر غور آئے۔ ون ونڈو نظام سے درخواست گزار کو تعمیرات سے متعلقہ تمام محکموں تک رسائی ایک ہی جگہ سے حاصل ہوگی جس سے شہریوں کو سہولت میسر آئے گی اور محکمانہ امور میں بھی شفافیت آئے گی۔ اجلاس میں ورلڈ بینک کے نمائندے کو آئندہ اجلاس میں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حوالے سے قابل عمل پلان پیش کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔
Minister Local Govt meeting


شیئر کریں: