Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال یونیورسٹی کے ہڑتالی اساتذہ کی طرف سے وقتی طور پر کلاس بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان

Posted on
شیئر کریں:

چترال (چترال ٹائمز رپورٹ ) جامعہ چترال میں مختلف بے قاعدگیوں کے خلاف گزشتہ ہفتے سے جاری اساتذہ کا پرامن احتجاج جزوی طور واپس لیا گیا ہے۔ چترال یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں‌کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ صرف اور صرف طلباء کے قیمتی وقت کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے غیر مشروط طور پر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جامعہ چترال کے جملہ اساتذہ کرام اور کلیدی انتظامی افسران گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف قسم کی بے قاعدگیوں کے خلاف کلاس بائیکاٹ میں تھے۔

پریس ریلیز میں مذید کہاگیا ہے کہ چترال کے سنجیدہ علمی اور سیاسی شخصیات اور طلباء کے والدین چترال یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کی قیادت سے مسلسل رابطے میں تھے، اور اس پریشان کن صورتحال کی تصفیے کے لئے فکرمند تھے۔ اسی سلسلے میں چترال کی عوامی و سیاسی شخصیت عبداللطیف کی ذاتی طور پر یونیورسٹی آمد اور اساتذہ کے ساتھ دن بھر کی نشست اور مذاکرات قابلِ ذکر ہیں۔

طلباء کے قیمتی وقت اور مذکورہ مذاکرات اور چترال کے سنجیدہ طبقوں کی گزارشوں کے پیشِ نظر جامعہ کے اساتذہ نے کلاس بائیکاٹ وقتی طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔ تاہم جملہ فیکلٹی اور کلیدی انتظامی افسران کے اتفاقِ رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ وہ مسائل اور بے قاعدگیاں جو ابھی تک حل طلب ہیں انہیں قانونی راستے اختیار کرتے ہوئے مجاز اداروں کی نوٹس میں لایا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
21357