Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کمشنرملاکنڈ کی باجوڑ،لوئرواپردیراورچترال کےاضلاع پرمشتمل الگ ڈویژن کے قیام کی تجویز

Posted on
شیئر کریں:

دیر(چترال ٹائمزرپورٹ )‌کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے دوران دیر کے عوام نے قیام آمن کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں جسے حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔چونکہ دیربالا میرا دوسرا گھر ہے اس لئے میری تمام تر ہمدردیاں یہاں کے عوام کے ساتھ ہمیشہ رہیں گے ۔پاکستان بیت المال شہیدبے نظیر بھٹویونیورسٹی شرینگل کے بی اے ، ایم اے ،ایم فل کے طلباء کو 50سکالرشپ دیں گے۔۔ان خیالات کا اظہار کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے کمشنر تعینات ہونے کے بعد پہلے دورے کے دوران ضلع کونسل ہال میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر آپریشنل کمانڈر بریگیڈئیر عباس حیدر،ڈی سی عرفان اللہ محسود،ڈی پی او میاں نصیب جان اور علاقے کے عمائد ین سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجودتھے ۔ کمشنر ریاض خان محسود نے کہا کہ یہاں ڈپٹی کمشنر رہنے کے بعد بہت عرصہ بعد آیا ہوں یوں محسوس ہورہا ہے کہ میں اپنے گھر واپس پہنچ گیا کیونکہ دیربالا کے عوام نے ہمیشہ بہت عزت دی ہے جسے میں کبھی فراموش نہیں کرسکتا ۔اس لئے میرے اوپر دیر کے عوام کا بہت قرض ہے اب میں چاہتا ہوں کہ دیربالاکے کمشنر کی حیثیت سے یہاں کی خدمت کرسکوں۔انہوں نے عمائدین دیربالا صاحبزادہ طارق اللہ،ملک بہرام خان،عارف اللہ خان،ضلع ناظم فصیح اللہ،ملک جہانزیب خان،تحصیل ناظم میرمخزن الدین،ملک جہانزیب آف کوہستان،نورمحمد، یامین خان، شاہ ولی خان اور عوام کا شاندار استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور انکے پیش کردہ مطالبات پر جن میں تحصیلداروں کی خالی پوسٹوں کے فوری تعیناتی کا یقین دلایا اور کہا کہ سب سے پہلے دیربالا میں دارالامان قیام کیلئے کوشش کروں گا۔کمشنر ریاض خان محسودنے کہا کہ چونکہ ملاکنڈ ڈویژن کی آبادی بہت زیادہ ہوگئی ہے اس لئے میری صوبائی حکومت کو تجویز اور سفارش ہوگی کہ وہ باجوڑ،لوئردیر ،اپردیر اور چترال کے چار اضلاع پر مشتمل ایک الگ ڈویژن کا قیام عمل لائے تاکہ ان اضلاع کے لوگوں کی مشکلات کم ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ دیربالا میں ٹورازم کے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں صوبائی اور مرکزی حکومتوں کا ٹورازم کو فروغ دینے کیلئے ترجیحات بہت واضح ہیں تو میں اسی ترجیح کو مد نظر رکھ کردیربالا کے سیاحتی مقامات کمراٹ،دیر سمیت دیگر علاقوں کو سیاحوں کیلئے جنت بنانے کی بھرپور کوشش کروں گا تاکہ یہاں سیاحت کی مد میں روزگار اور سیاحوں کی آمد میں سہولیات میں اضافہ ہوسکے۔ریاض خان محسوس نے کہا کہ انشاء اللہ صوبائی حکومت 25مئی کو سوات موٹروے کا افتتاح کررہی ہے جو پورے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا اور دیربالا سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی اور ان علاقوں میں خوشحالی آئے گی۔آپریشنل کمانڈر بریگیڈئیر عباس حیدر نے کہا کہ عوام اپنی آپس میں اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرے انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاک فوج بھی دیربالا کی ترقی میں بھرپور ساتھ دے گی انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے افغانستان کے ساتھ تمام بارڈر کو محفوظ بنا دیا ہے


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
21138