Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مدرسہ اقامت دین سنگور میں تقریب ختم بخاری شریف، سراج الحق مہمان خصوصی

شیئر کریں:

چترال (بشیر حسین آزاد)چترال مدرسہ جامعہ اقامت دین للبنات سنگور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ختم بخاری شریف کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق تھے۔تقریب میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سراج الحق نے ختم بخاری شریف پر طلبہ کو خراج تحسین پیش کیا۔اُنہوں نے پی ٹی آئی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی طرف سے تجاویز پر عملدرامد نہ کرنے کی وجہ سے مدینہ کی ریاست کی دعوے کرنے والی پی ٹی آئی کی حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں بُری طرح ناکام ہوچکی ہے اور اب 9مہینے گذرنے کے بعد بھی کوئی کامیابی نظر نہیں آرہی۔تقریب میں صوبائی نائب امیر جماعت اسلامی صابر حسین،مولاناڈاکٹر عطا الرحمان، ایم این اے چترال مولانا عبدالاکبر چترالی،ڈسٹرکٹ ناظم مغفرت شاہ، ضلعی امیر جماعت اسلامی مولانا جمشید احمد،خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان ،مولانا شیر عزیز ودیگر شامل تھے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مصنوعی اور کاسمیٹکس تبدیلیوں سے حالات سدھر نہیں سکتے ۔ ایک ہی طرح کے لوگوں کو حکومتی پارٹی میں جمع کر کے تبدیلی نہیں لائی جاسکتی ۔ موجودہ حکومت میں بھی وہی لوگ ہیں جو پہلے پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور پرویز مشر ف کے ساتھ تھے ۔ حالات دن بدن بدترین اور گھمبیر ہورہے ہیں ۔ مہنگائی اور بے روزگاری قابو سے باہر ہوچکی ہے ۔ روپے کی قدر یتیم کے آنسوؤں کی طرح گر رہی ہے ۔ تبدیلی کے نام پر تباہی لانے والوں نے عوام کو زندہ در گور کر دیاہے ۔ ملکی حالات قرآن و سنت کے نظام ہی سے سدھر سکتے ہیں ۔ حقیقی اور پائیدار تبدیلی کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 72 سال سے ایک ہی قماش کے لوگ اقتدار پر مسلط ہیں ۔ نام نہاد جمہوری دور ہو یا فوجی آمریت ، اسی ٹولے کے وارے نیارے رہے ہیں ۔ جو لوگ کل مشرف کی کابینہ میں تھے ، آج وہی پی ٹی آئی حکومت کے وزیر مشیر ہیں ۔ یہی لوگ پی پی اور مسلم لیگ کی حکومتوں میں بھی شامل رہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری ، غربت اور لوڈشیڈنگ کا اصل مجرم یہی ٹولہ ہے ۔ اشرافیہ کے اس ٹولے نے ایسٹ انڈیا کمپنی کے ساتھ وفاداری اور قوم سے بے وفائی اور غداری کے انعام میں جاگیریں حاصل کیں ۔ قومی بنکوں سے اربوں روپے کے قرضے لے کر کارخانے لگائے اور پھر قرضہ واپس کرنے کی بجائے جعلی کلیم کر کے نہ صرف وہ قرضے ہڑپ بلکہ سرکاری انشورنس کمپنیوں کو بھی کنگال کیا ۔ یہ لوگ اقتدار میں آ کر دولت کے انبا ر لگاتے رہے اور ملک کا مزدور اور کسان خون پسینہ ایک کرنے کے باوجود فاقہ کشی پر مجبور رہا ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ لاکھوں قربانیاں دے کر اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے پاکستان کو آج تک اسلام کے بابرکت نظام سے محروم رکھنے والے یہی لوگ ہیں ۔ سیکولر اور لبرل ازم کے نام پر ملک کی نظریاتی شناخت ختم کرنے کی سازشوں میں مصروف یہ ٹولہ عام آدمی کو اسی طرح محروم اور مجبور رکھنا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کا نعرہ لگا کر قوم کو دوسری بار دھوکا دیا ۔پہلے پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ ،جس پر ستر سال گزرنے کے باوجود عمل نہیں ہوا اور اب مدینہ کی ریاست پر عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ ووٹ لینے کے بعد حکمران اپنے تمام وعدے بھول چکے ہیں ۔ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کے وعدے یاد دلائے جائیں تو یہ رات گئی بات گئی کا رویہ اپنا لیتے ہیں ۔
jI amir siraj ul haq chitral madrasa


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
21019