Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ٹراوٹ مچھلی کی نسل کو بچانے کیلئے غذر کے عمائدین کااتحاداورتنظیم سازی

Posted on
شیئر کریں:

غذر(نمائندہ چترال ٹائمز ) مچھلی کی یونیک نسل’’ٹراؤٹ‘‘کی وجود کو خطرے سے دوچار ہونے سے بچانے کی غرض سے بالائی غذر گلاغمولی اور ٹیرو کے عمائدین کی کاوشوں اور کوششوں سے”فیش کنزرویشن” کا قیام عمل میں آیاہے۔اس حوالے سے ایک انتہائی اہم اجلاس گلاغمولی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف سیاسی، سماجی اور فلاحی تنظیموں کے علاوہ محکمہ فشریز کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔اس اجلاس کو عوام الناس میں بھرپور پذیرائی ملنے کی ایک بہت بڑی وجہ یہ ہے کہ یہاں کے اکابرین نے’’دیر آید درست آید‘‘کے مصداق انتہائی مستحسن اقدام اٹھایا ہے ورنہ وہ دن دور نہیں تھے کہ مستقبلِ قریب کے انسانوں کے لیے ٹراؤٹ کا وجود ’’ڈائینوسار‘‘سے مختلف نہیں ہوتا۔یہاں یہ بات بھی یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ حال ہی میں ختم ہونے والی ہفتے کی دو چھٹیوں ’’ہفتہ اور اتوار‘‘کے بے شمار نقصانات کے علاوہ ایک بہت بڑا نقصان یہ بھی تھا کہ آئی سی یو وارڈ میں داخل اس بے بس ریاست کے سرکاری عہدوں پر براجماں حضرات ان دو دنوں کی چھٹیوں میں سیر سپاٹے کے علاوہ ٹراؤٹ کی اس نایاب نسل کی بیخ کنی کے لیے ان علاقوں کا رُخ کرتے تھے۔نہتے اور لاچار واچر کا کیا مجال کہ ان کے سامنے لب کھولنے کی جرأت کا مظاہرہ کرسکے۔عمائدین غذر خاص کو اس وجہ سے بھی عوامی حلقوں میں خراجِ تحسین پیش کیا جارہا ہے کہ اس موقع پر انھوں نے ٹراؤٹ کی نایاب نسل کو بچانے کے لیے صرف محکمہ فشریز کو حرکت میں نہیں لائے بلکہ ٹراؤٹ کے بچاؤ کے لیے ’’ ٹراؤٹ کنزرویشن‘‘ کے نام سے تنظیم کو وجود دینے میں بھی کامیاب ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ممتاز سیاسی رہنما اور سابق ڈسٹرکٹ کونسلر خان اکبر خان اس کنزرویشن کے صدر، سابق وائس چیئرمین یونین کونسل حلقہ5 شیر ولی نائب صدر شاہ فراز خان، سیکریٹری جنرل سابق چیئرمین آغا خان ثالثی بورڈ، عبدالحمید شاہین سیکریٹری اطلاعات مقرر ہوئے۔جبکہ نامور قانون دان ایڈووکیٹ نادر خان کو اس ادارے کے لیے قانونی مشیر نامزد کیا گیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, گلگت بلتستانTagged
20929