Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

جون 2020تک پینشن ادائیگی کا نظام مکمل طورپرآٹومیشن سسٹم پر منتقل کردیا جائیگا

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) یکم جولائی 2019 سے پولیس اسٹیشن کی سطح پر فنڈز کے اجراء کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ
جون 2020 تک پینشن ادائیگی کا نظام مکمل طوپر Pension Automation System پر منتقل کر دیاجائے گا۔ محکمہ خزانہ
پری بجٹ سروے میں ایک لاکھ 43 ہزار افراد نے بجٹ تیاری کے حوالے سے اپنی تجاویز اور ترجیحات پیش کی ہیں۔ محکمہ خزانہ کی بریفنگ
خیبر پختونخوا کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ خزانہ کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین ایم پی اے نوابزادہ فرید صلاح الدین کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں پیر کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا ،ممبران صوبائی اسمبلی عائشہ بانو، عنایت اللہ ، بادشاہ صالح، خلیق الرحمان ، میاں جمشید الدین اور فہیم خان کے علاوہ سیکرٹری فنانس شکیل قادر ، ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی محمد طاہر اورکزئی، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کامران حیات اور محکمہ خزانہ وقانون سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔ سیکرٹری فنانس نے کمیٹی کو محکمہ خزانہ کے مختلف شعبہ جات ، مالی امور اور بجٹ تیاری، صوبائی محاصل، ٹیکس وصولی کے طریقہ کار اور دیگر محکمہ خزانہ کے تحت دیگر خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی طورپر آگاہ کیا۔
سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو مزید بتایا کہ موجودہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی بدولت محکمہ خزانہ کی مجموعی کارکردگی میں بھرپورا اضافہ ہوا ہے انہوں نے کہاکہ ٹیکس وصولیو ں کے نظام کو جودید خطوط پر استوار کیا گیا ہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں مالی امور میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے معلومات سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے عام آدمی کو آن لائن رسائی فراہم کی گئی ہے۔ سیکرٹری خزانہ نے کہاکہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہا ں پنشن ادائیگی کے نظام کو نہ صرف ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے بلکہ جون 2020 تک پینشن ادائیگی کا نظام مکمل طوپر Pension Automation System پرمنتقل کر دیا جائے گا جس سے پنشن ادائیگی کا نظام انتہائی سہل اور شفاف ہوجائے گا ۔ انہو ں نے کہاکہ محکمہ خزانہ میں لیٹیگیشن سیل(Litigation Cell) کو مزید فعال اور مضبوط کیا گیا ہے جس کی بدولت مختلفنوعیت کے 3500 کیسزجو مختلف عدالتوں میں زیر التواء تھے کو بروقت نمٹانے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ تھانے کی سطح پر فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے تیاری مکمل کرلی گئی ہے اور جولائی 2019 سے ہر پولیس سٹیشن کو فنڈز کے اجراء کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کی مدد سے نہ صرف پولیس اسٹیشنز کو درپیش مسائل بروقت حل ہوں گے بلکہ ان کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ خود مختار اداروں کے مالی معاملات کو دیکھنے کے لئے محکمہ خزانہ میں علیحدہ ونگ کا قیام بھی عمل میں لایاگیا ہے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے اجلاس کو محکمہ خزانہ کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ حکومت روایتی انداز سے ہٹ کر صوبے کی معاشی ترقی کے لئے کام کر رہی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ ٹیکس اصلاحات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ ٹیکس کے نظام کو مزید موئثر بنایا جائے۔ صوبائی وزیرنے کہاکہ ماضی میں بجٹ صرف کتابوں اور کاغذوں کی حد تک محدود رہتا تھا لیکن موجودہ حکومت نے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ تیاری میں صوبے کے عوام کو براہ راست اپنی ترجیحات پیش کرنے کے لئے ایک بجٹ سروے کا انعقاد کیا ہے جسے عوام نے سراہتے ہوئے اس سروے میں اب تک ایک لاکھ 43 ہزار لوگوں نے بجٹ سے متعلق اپنی تجاویز و ترجیحات پیش کی ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ترقیاتی فنڈز کے لئے مساوی فارمولا مرتب کیاجائے تاکہ فنڈز کا اجراء منصفانہ بنیادوں پر ہوسکے اور صوبے کی بلاامتیاز ترقی کو یقینی بنایا جاسکے کمیٹی کے چیئرمین نوابزادہ فرید صلاح الدین نے محکمہ خزانہ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ معاشی چیلنجز کے پیش نظر محکمہ خزانہ کی اہمیت کافی بڑھ گئی ہے نہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی صوبے کی معاشی خود مختاری اور محاصل میں اضافے کے لئے محکمہ خزانہ مزید فعال کردار ادا کرے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
20836