Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آغاخان ہائیرسکنڈری سکول کوراغ میں جماعت ہشتم کی طالبات کیلئےاورینٹیشن پروگرام

Posted on
شیئر کریں:

کوراغ (نمائندہ چترال ٹائمز) آغاخان ہائیر سکنڈری سکول کوراغ میں گذشتہ روز جماعت ہشتم میں داخلہ لینے والی طالبات کے لیے اورینٹیشن (Orientation)پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ پروگرام میں طالبات کے علاوہ والدین اور اساتذہ نے شرکت کی۔

پروگرام کاآغاز جماعت نہم کی طالبہ مدثرہ سید نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ بعد ازیں نعت رسولؐ اور ملی نغمہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد جماعت نہم کی طالبات نے جماعت ہشتم کی طالبات کو بذریعہ ٹیبلو خوش آمدید کہا۔

پرنسپل آغاخان ہائیر سکنڈری سکول کوراغ سلطانہ برہان الدین نے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے ساتھ آغاخان ہائیر سکنڈری سکولوں کے اجرا کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ان سکولوں کا مقصد بااخلاق ، محب وطن ، باصلاحیت اور ذمہ دار شہری پیدا کرنا ہے۔ اس لیے طلبہ کی ہمہ جہتی نشوونما کے لیے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی بھرپور توجہ دیتے ہیں ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جدید دور کے تقاضے کے مطابق سکول ہذا جدید سہولتوں سے آراستہ کلاس رومز ،لیبارٹریز ، لائبریری ، کمپیوٹر لیپ اورانٹرنیٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔آخر میں انھوں نے آغاخان ایجوکیشن سروس پاکستان کی وضع کردہ پالیسیوں سے طالبات اور والدین کو آگاہ کیا۔

جماعت نہم کی طالبات صباحت جبین ، نوشیبہ فردوس اور مبشرہ زاہد نے اپنے ایک سال کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آغاخان ہائیر سکنڈری کوراغ میں طالبات کو نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت کرنے اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملتا ہے ۔ جس کے سبب طالبات میں خود اعتمادی اور اپنے مسائل خود حل کرنے حوصلہ مل جاتا ہے ۔
والدین نے اپنے خطاب میں آغاخا ن ہائیر سکنڈری سکول کوراغ کی معیار ی تعلیم کی فراہمی ، کارکردگی اور کامیابیوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ کامیابیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

آخر میں جماعت نہم کی طالبہ جنیتہ سردار نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرکے پروگرام کا ختتام کیا۔


شیئر کریں: