Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی کابینہ نے رشکئی اکنامک زون کے لئے پاک چائنہ معاہدے کی منظوری دے دی

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یو سفزئی نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی کابینہ نے رشکئی اکنامک زون کے لئے پاک چائنہ معاہدے کی منظوری دے دی معاہدے پردستخط وزیراعظم عمران خان اپریل میں اپنے دورے کے دوران کریں گے اس اکنامک زون سے صوبے میں اقتصادی سرگرمیاں مزید بڑھیں گی اور صوبے میں 128 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی اکنامک زون کے لیے یہ معاہدہ کیپی ازمک اور چائنا کمپنی سی آر بی سی کے درمیان ہوگا۔اکنامک زون ایک ہزار ایکڑ زمین پر محیط ہو گا جس میں 702 ایکڑ زمین انڈسٹریز کے لیے مختص ہو گی معاہدے کے مطابق چائنہ کمپنی سی آر بی سی کو اکنامک زون میں انوسٹمنٹ،مارکیٹنگ اور آپریشن کی ذمہ داری سونپی جائے گی جب کہ اکنامک زون کے گرد بونڈری وال اور سیکیورٹی کی ذمہ داری بھی سی آر بی سی کی ھو گی۔ اس اکنامک زون کے قیام سے دو لاکھ آسامیاں پیدا ہوں گی جن میں 50000 بالواسطہ اور 150000 بلا واسطہ ملازمتیں ہوں گی۔80 فیصد آسامیوں پر بھرتیاں خیبرپختونخوا سے کی جائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے کابینہ اجلاس کے فیصلوں کے حوالے سے پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا کابینہ کے مزید فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے کوہاٹ اور ہنگو کے اضلاع جہاں گیس پیدا ہوتی ہے کو گیس کی فراہمی اور آئل و گیس نیٹ ورک کی بحالی کے لئے رائلٹی کا 25 فیصد حصہ جو کہ84.1092 ملین روپے بنتا ہے ایس این جی پی ایل کو فراہمی کی منظوری دے دی ہے اسی طرح صوبائی کابینہ نے آئل اینڈ گیس پیدا کرنے والے جنوبی اضلاع میں رائلٹی فنڈ کے استعمال کے لئے قائم کمیٹی میں متعلقہ ایم این اے کو شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ صوبائی کابینہ نے محمد نثار انڈسٹریل ایکسپرٹ کی بطور چیئرمین پیڈو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری دے دی ہے جبکہ کابینہ نے خیبرپختونخوا فنانس ایکٹ 2013 میں ضروری ترامیم کی بھی منظوری دے دی ہے صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے 12 بلین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی صوبائی کابینہ نے دے دی ہے۔


شیئر کریں: