Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں ایک ہزار چھوٹے بڑے سپورٹس گراؤنڈ بنانے کی منظوری دیدی گئی،عاطف خان

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبر پختوخوا کے سینئر وزیر کھیل ، ثقافت، امور نوجوانان محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ نئے ضم شدہ اضلاع سمیت پورے صوبے میں چھوٹے بڑے 1000سپورٹس گراؤنڈ بنانے کی منظوری دی گئی ہے جن پرکل ساڑھے پانچ ارب روپے لاگت آئیگی۔ اس مقصد کے لئے جہاں پر سرکاری اراضی دستیاب ہے وہاں فوری طور پر گراؤنڈ بنانے کا کام شروع کیا جائیگا جبکہ درکار مزید اراضی کی خریداری ترجیحی بنیادوں پر کرتے ہوئے کھیل کے میدان تعمیر کئے جائینگے۔قبائلی اضلاع میں کھیلوں کے فروغ پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔آئیندہ ماہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سمیت انڈر 23 گیمز بھی قبائلی اضلاع میں منعقد کئے جائینگے۔اسکے علاوہ نئے ضم شدہ اضلاع میں تحصیل کی سطح پر 6 سپورٹس کمپلیکسس بنانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔جبکہ 19 تحصیلوں میں پہلے سے موجود سپورٹس کمپلیکسس کی تزئین و آرائش اور مرمت کا کام بھی جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا کرکٹ لیگ کی افتتاح کے موقع پر کیا۔میڈیا کرکٹ لیگ میں پشاور کے ریجنل اور نیشنل نیوز چینل اور اخباری ادارے حصہ لے رہے ہیں۔ سینئر وزیر نے کہا کہ صحافیوں کے لئے اس قسم کے تفریحی مواقع فراہم کرنا اچھا اقدام ہے کیونکہ صحافی برادری انتہائی سخت حالات میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہوتے ہیں ایسے حالات میں انکے لیے تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد قابل تعریف ہے حکومت ہر سطح پر صحافی برادری کے لئے تفریحی سرگرمیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔اس موقع پر سینئر وزیر نے میڈیا لیگ کے لئے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔سیاحت کے حوالے سے سینئر وزیر نے کہا کہ صوبے میں سیاحتی ترقی پر تیزی سے کام جاری ہے 20 نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔اسکے علاوہ قبائلی آضلاع میں بھی سیاحت کے فروغ پر کام جاری ہے اور وہاں نئے ریزورٹ بنائے جائینگے جہاں سیاحوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
20550