Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پشاور میں پولیو سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجہ اور جسمانی بحالی کے منصوبے کا افتتاح

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے پیرا پلیجک سنٹر پشاور میں ملک کی تاریخ میں پہلی بار پولیو سے متاثرہ مریضوں کی جسمانی بحالی اور علاج معالجہ کے جامع منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے ۔ اس منصوبے کا مقصد صوبے اور ملک میں موجود پولیو سے متاثرہ ہزاروں مریضوں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ معاشرے پر بوجھ بننے کے بجائے اس ملک کی ترقی میں اپنا کردار اداکرسکیں۔
س سلسلے میں پیراپلیجک سنٹر پشاور میں ایک پُررونق تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں مہمان خصوصی وزیر خزانہ خیبر پختو نخوا تیمور سلیم ، چیئر مین اور چیف ایگزیکٹیو پیراپلیجک سنٹرسید محمد الیاس ، مقامی عوامی نمائندوں ، محکمہ صحت کے مندوبین ، مقامی ڈی پی اوز کے نما ئندوں ، پولیو کے مریضوں اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ تیمور سلیم کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کی سالانہ مہم کے موقع پر اس منصوبے کا آغاز ہونا اس بات کی علامت ہے کہ ہم ملک سے نہ صرف پولیو کے خاتمے بلکہ اس سے متاثرہ افراد کی بحالی اور انہیں معاشرے کا کار آمدفرد بنانے کے لئے بھی پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ انفرادی حیثیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں پولیو سے متاثرہ افراد نہ صرف علاج حاصل کرہے ہیں بلکہ بحالی کے کام میں خود بھی بھرپور کردار ادا کررہے ہیں یہ وہی جذبہ ہے جو ہمیں پورے ملک میں چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرپولیو سے متاثرہ افرادجو خود خاص توجہ کے مستحق ہیں ایسی لیڈرشپ دکھائیں تو پھر ہم سب کیوں نہ اس کی تقلید کریں۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اس نوعیت کے اہم منصوبوں کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بھرپور عکاسی ہونی چاہیے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت ایسے منصوبوں کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے کے ساتھ خصوصی افراد کے لئے مطلوبہ قانون سازی بھی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیو سے متاثرہ اور دیگر خصوصی افراد میں صلاحیتوں اور جذبے کی کوئی کمی نہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کی جائے بلکہ خود بھی بحالی کے ایسے منصوبوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں جس سے معاشرے کے دیگرمتاثرہ افراد کو بھی تقویت ملے گی ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو پیراپلیجک سنٹر نے ادارے میں ریڑھ کی ہڈی اور پولیو سے متاثرہ افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے تفصیلی طورپرآگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پیراپلیجک سنٹر میں ریڑھ کی ہڈی کے متاثرہ مریضوں کو گزشتہ تیس سال سے مفت علاج فراہم کرنے کے علاوہ ان کی بحالی پر بھی کام ہورہا ہے اور اس مقصد میں کامیابیاں سمیٹتے ہوئے پیراپلیجک سنٹرنے اب پولیو سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجہ اور جسمانی بحالی کے پاکستان کے پہلے اور واحد منصوبے کا آغاز کیا ہے۔اس مقصد کے لیے ماہر آرتھوپیڈک سرجن، فیزیوتھراپسٹ، آکوپیشنل تھراپسٹ ، ری ہیب نرسز، سائیکالوجسٹ ، آرتھوٹسٹ، سوشل ورکر اور ویل چیئر ٹیکنالوجسٹ موجود ہیں، سنٹر میں اپنی نوعیت کے منفرد آرتھوپیڈک اور ٹیکنیکل ورکشاپ بھی موجود ہیں جہاں پر اعلیٰ معیارکی وہیل چیئر ز اور دیگر مددگار آلات، مریض کی ضرورت کے مطابق تیار کی جاتی ہیں، اُنھوں نے مزید بتایاکہ باوجود اس کے کہ پولیو کے بچاؤ پر ہر سال کروڑوں اربوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں لیکن پولیو سے متاثرہ مریضوں کی بحالی کے لیے کوئی ادارہ موجود نہیں، جس کی وجہ سے یہ معذور افراد کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں اور معاشرے پر بوجھ بن کر رہ گئے ہیں۔ڈاکٹر الیاس سید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیراپلیجک سنٹر ان تمام لوگوں کو جدید ترین انداز میں بالکل مفت ری ہیبلیٹیٹ کریگی اور اُنھیں اس قابل بنائیگی ۔کہ وہ نہ صرف ایک بھرپور اور فعال زندگی گزار سکیں بلکہ معاشرے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ بھی ڈال سکیں۔وزیر خزانہ نے پیرا پلیجک سنٹر کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نہ صرف اس قسم کے مثالی اداروں کی حوصلہ افزائی کریگی بلکہ ان کے تجربات سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے تمام تر صوبے میں اس طرز کے کئی اور ادارے بنانے کی کوشش کرے بعد ازاں صوبائی وزیر نے پیراپلیجک سنٹر کاتفصیلی دورہ کیا جہاں وہ مریضوں میں گھل مل گئے ۔اُنھوں نے ادارے کے تمام شعبوں کا معائنہ کیا اورادارے کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ پختونخواہ میں ایک ایسا ادارہ موجود ہے جو نہ صرف باقی ماندہ ملک بلکہ تمام تیسری دُنیا کے لیے ایک مثالی ادارے کی حیثیت رکھتا ہے۔اُنھوں نے خصوصیت کے ساتھ ادارے کے اندر کام کرنے والے عملے کے مثالی رویئے کو سراہا۔جو مریضوں کواپنے “باس” کا درجہ دیتے ہیں۔ اور اُنکی خدمت، علاج اور جسمانی بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
20439