Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ‌کی سوات ایکسپریس وے کو جلدازجلد مکمل کرنے کی ہدایت

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے سوات ایکسپریس وے کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے نوشہرہ میڈیکل کالج کی تیز تر تکمیل کیلئے محکمہ پی اینڈ ڈی ، صحت اور خزانہ کو مل بیٹھ کر فنڈز فراہم کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ کابل ریور پل کی تکمیل کیلئے تجاوزات کے مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے ۔انہوں نے سوات موٹروے کی توسیع اور اس میں باقی روڈز شامل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سی پیک سٹی نوشہرہ پر اپریل میں کام شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ برنگ ٹنل کو سوات ایکسپریس وے سے منسلک کیا جائے گااور وہاں پر انٹر چینج کی تعمیر ممکن بنائی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے ایف ڈبلیو او کی زیر نگرانی صوبے میں جاری مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ تیمور سیلم جھگڑا، وزیر صحت ہشام انعام اﷲ، ڈی جی ایف ڈبلیو او، ایس ایم بی آر، خزانہ، صحت، پی اینڈ ڈی، ہاؤسنگ، سی اینڈ ڈبلیو، مائنز اینڈ منرل کے محکموں کے سیکرٹریز و ڈی جی ز ، ڈپٹی کمشنرز نوشہرہ، ہر ی پور، کرک، سی ای او کے پی او جی سی ایل، سی ای او کے پی ازمک، پی ڈی سوات ایکسپریس وے ، پی کے ایچ اے کے حکام و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو سوات ایکسپریس وے ، نوشہرہ میڈیکل کالج ، کابل ریور پل نوشہرہ ، کرک آئل ریفائنری ، سی پیک سٹی نوشہرہ اورسمینٹ پلانٹ ہری پورمنصوبوں میں پیش رفت پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔اجلاس کو سوات ایکسپر یس وے پر دونوں ٹنل کو اگست میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ وزیراعلیٰ کوصوبہ خیبرپختونخوا میں ایف ڈبلیو کے زیر نگرانی مستقبل کے مختلف منصوبوں کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہری پور میں سیمنٹ پلانٹ کے قیام کیلئے عدالت سے سروے کی اجازت مل گئی ہے اور بہت جلد یہ سروے کرائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ منرل اور مائنز ڈیپارٹمنٹ ،پی کے ایچ اے اور ایف ڈبلیو او مل بیٹھ کر 30 دن میں اپنے تمام مسائل حل کرے۔انہوں نے مزید کہاکہ اگلے اجلاس سے پہلے پہلے تمام ایشوز حل ہونے چاہئیں ۔ وزیراعلیٰ نے سوات ایکسپریس وے پر ڈائی ورژن جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سی پیک سٹی نوشہرہ کے حوالے سے بھی تمام مسائل جلد سے جلد حل کئے جائیں تاکہ اس پر جلد سے جلد کام شروع کیا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ نے کرک آئل ریفائنری کے حوالے سے کہا ہے کہ ایف ڈبلیو او اس کے لئے طریقہ کار وضع کر کے اس پر کام شروع کرے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کرک کو فنڈز کی فراہمی ممکن بنانے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے ایف ڈبلیواو کے چھوٹے چھوٹے پراجیکٹس جو مکمل ہو چکے ہیں ان کے بقایا جات ادا کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔ انہوں نے قبائلی ضلع مہمند کے ناکی ٹنل میں بجلی کی فراہمی ممکن بنانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ایف ڈبلیو او حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز تر کیا جائے انہوں نے کہاہے کہ صوبائی حکومت اپنے عوام کیلئے بہتر سہولیات کی فراہمی ہر لحاظ سے ممکن بنائے گی ۔
………………………………………………………
وزیراعلیٰ نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں آئی ٹی انڈسٹریل انوویشن ریسرچ سنٹرکے سنگ بنیاد کا افتتاح کر دیا
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں اہم عمارتوں خصوصاً آئی ٹی انڈسٹریل انوویشن ریسرچ سنٹرکے سنگ بنیاد کا افتتاح کر دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اسلامیہ کالج پشاور کیلئے پانچ کروڑ گرانٹ دینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے اور خاص طور پر تعلیمی اداروں میں آئس نشے کے خاتمے کے خلاف جہاد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ پختون قو م کے نام پرمزید سیاست نہیں ہونے دیں گے ۔ اس صوبے نے بہت عرصہ جنگ میں گزارا ہے ، اب ہم نے اپنے بچوں کو تعلیم کے زیو ر سے آراستہ کرنا ہے ۔ ہم نے آنے والے نوجوانوں کیلئے روشن مستقبل کی طرف راہ ہموار کرنا ہے ۔اب یہ صوبہ امن کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ تحریک انصاف کا منشور ہے کہ ہم نے پورے ملک اور خاص طور پر خیبرپختونخوا میں تعلیم اور نوجوانوں پر خرچ کرنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کی اہم عمارتوں خصوصاًآئی ٹی انڈسٹریل انوویشن سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش، ممبر سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہائیر ایجوکیشن ارباب وسیم ، لیفٹنٹ جنرل و سابقہ گورنر علی محمد جان اورکزئی ، وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حبیب ، میجرجنرل احسان ، بریگیڈئر اشفاق متلا، ایم پی اے پیر فدا ، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن و دیگر متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی ۔اسلامیہ کالج کے ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی ڈاکٹر ظہور جان نے وزیراعلیٰ کو اسلامیہ کالج میں ان نئی عمارتوں ، آئی ٹی انڈسٹریل انوویشن سنٹر اور دوسرے مختلف پراجیکٹس اور اُن کی لاگت پر تفصیلی بریفینگ دی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُنہیں بہت اچھا لگا کہ وہ اسلامیہ کالج آئے کیونکہ اُنہوں نے یہاں سے گریجویشن کیا ہے ۔ آج میرے لئے اور اسلامیہ کالج کیلئے ایک تاریخی دن ہے ۔ اسلامیہ کالج کی جدید تقاضوں پر استواری میرے لئے اور صوبائی حکومت کیلئے اعزاز کی بات ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ آئس نشے کے خاتمے کے خلاف حکومت کا ساتھ دے تاکہ صوبے کو اس ناسور سے چھٹکارا دلا سکے ۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے تحریک انصاف کو اس صوبے میں دوبارہ اقتدار میں لا کر تاریخ رقم کر دی ہے اور یہ اس بات کی دلالت کر تی ہے کہ تحریک انصاف ہی واحد جماعت ہے جس پر لوگوں کا اعتماد ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس اعتماد کو مزید مضبو ط بنائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کچھ نام نہاد پختونوں کے نام پر اپنی سیاسی دُکان چمکانا چاہتی ہے میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ اب مزید پختون کے نام پر نہ تو سیاست چلے گی اور نہ جنگ ۔ پختون کا نام دوبارہ استعمال نہیں ہو گااور نہ ہی اس نام کا استحصال ہو گا۔ ہم سب پختون ہیں اور میں بھی ایک پختون ہوں ۔ ہم پختونوں نے انہی نام نہادوں کی وجہ سے تقریبا14 سال حالت جنگ میں گزارے ہیں اب یہ صوبہ امن کی طرف بڑھ رہا ہے ہم سب نے اس امن میں اپنا حصہ ڈالنا ہے ۔ وفاقی اور صوبائی سطح پر آج پختونوں کی ہی حکومت ہے ۔ ہم نے اپنے بچوں کے ہاتھ میں قلم دینا ہے ۔ اپنی مٹی کو امن کی طرف لے کر جانا ہے ۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اسلامیہ کالج کے طلباء اور اساتذہ اس ادارے اور صوبے میں امن اور خوشحالی و ترقی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اسلامیہ کالج کو عالمی سطح کی یونیورسٹی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔ تقریب سے وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاورپروفیسر ڈاکٹر حبیب نے بھی نے خطاب کیا۔ اس موقع پروزیراعلیٰ کی موجود گی میں اسلامیہ کالج اور ایف ڈبلیو او کے درمیان مختلف مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے۔
<><><><><><><><>


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
20369