Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مرچ منڈی پشاورمیں‌مصالحہ میں‌چوکر مکس کرنے والے تاجررنگے ہاتھوں‌گرفتار،فیکٹری سیل

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )کے پی فوڈ اتھارٹی کی مرچ منڈی پشاور میں کاروائی,مصالحہ میں چوکر مکس کرنے والے تاجر کو رنگے ہاتھوں دھر لیا، خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ایک ہزار کلوگرام سے زائد رنگ شدہ چوکر برآمد، رنگ شدہ چوکر کو مصالحہ کی جگہ مارکیٹ میں سپلائی کیا جاتا ہے، تاجر دیگر ڈیلرز کیلئے آرڈر پر رنگ شدہ چوکر بطور مصالحہ سپلائی کرتا تھا، اب تک مختلف مصالحہ فیکٹریوں اور ڈیلرز سے پانچ سو من سے زائد رنگ شدہ چوکر برآمد ہوچکا ہے، کھلے مصالحوں میں چوکر کی ملاوٹ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا، عوام ملاوٹ سے بچنے کیلئے پیک مصالحوں کا استعمال کریں: ڈی جی کے پی فوڈ اتھارٹی
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے منگل کو علی الصبح عوامی شکایات پرکاروائی کرتے ہوئے پشاور مرچ منڈی میں واقع مصالحہ فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں آٹے کے چوکر کو فوڈ کلر دیکر مصالحوں میں مکس کیا جارہاتھا۔ مکسنگ کے دوران فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پہنچی اور پورے گروہ کو رنگے ہاتھوں دھر لیا۔ کاروائی کے دوران آرڈر پر تیار کیا جانے والا ایک ہزار کلوگرام رنگ شدہ چوکر بھی برآمد کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی ریاض خان محسود نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جب تک ملاوٹ کا خاتمہ نہیں ہوتا فوڈ اتھارٹی کا عملہ چین سے نہیں بیٹھے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام ہرگز ملاوٹ کی اجازت نہیں دیتا اور نہ ہی عوام کی صحت پر سمجھوتا ہوسکتا ہے، عوام کو مصالحوں میں چوکر کھلانے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔
ڈائریکٹر آپریشنز خالد خان خٹک کا کہنا ہے کہ مصالحوں میں ملاوٹ کرنے والوں کے گرد گھیرہ تنگ کیا جارہا ہے اور گھروں کے اندر مصالحہ فیکٹریاں چلانے والوں کی بھی ہمیں نشاندہی کی گئی ہے اور آئے روز ایسے آپریشنز ہورہے ہیں۔ انہوں نے عوام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی عوام اپنا شہری فریضہ پورا کرتے ہوئے ہمارے شکایات سیل پر اچھی معلومات بھیج رہی ہے جس کی وجہ سے ایسے آپریشنز کا انعقاد ممکن ہورہا ہے۔
ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر سید عبدالستار شاہ نے عوام سے تاکید کی ہے کہ فی الوقت کھلے مصالحہ جات کے استعمال سے گریز کریں اور پیک مصالحے خریدکر اپنی صحت کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلے مصالحہ جات میں ملاوٹ کی روک تھام کرنا کافی مشکل کام ہے اوریہ عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔
آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر مراد علی کا کہنا تھا کہ جونہی چوکر سے بھری گاڑی فیکٹری کے اندر گئی تو شکایات سیل پر ہمیں اطلاع ملی اور ہم موقع پر پہنچ گئے جہاں فیکٹری میں کا م کرنے والے افراد کو چوکر رنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فیکٹری کے مالک نے اقبال جرم کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ وہ یہ مال کسی کیلئے آرڈر پرتیار کررہے تھے اور یہ کہ دیگر تاجر بھی یہی کرتے ہیں۔
مال کو قبضے میں لیکر فیکٹری کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ فیکٹری مالک سے تفتیش جاری ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
20087